کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے زیر اہتمام 5 جولائی 1977 کے مارشل لاء کے خلاف یومِ سیاہ کے موقع پر سندھ اسمبلی سے کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت ضلع جنوبی کے صدر جاوید ناگوری نے کی جبکہ جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی سندھ سینیٹر سید وقار مہدی نے خصوصی شرکت کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ ملک کو درپیش موجودہ اور ماضی کے بیشتر مسائل کی جڑ آمریت اور خصوصاً 5 جولائی 1977 کا مارشل لاء ہے، جس کے نتیجے میں منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت ختم کی گئی جمہوری نظام کو نقصان پہنچا اور ملک میں عدم برداشت اور لسانی تقسیم کو فروغ ملا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لیے قربانیاں دیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ناگوری نے کہا کہ پاکستان میں آمریت کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا رہے ہیں اور بعض سیاسی جماعتیں ماضی میں آمریت کی حامی رہی ہیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کو آمریت کا سیاسی فائدہ اٹھانے والی جماعتیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کو تشدد اور اسلحہ کلچر کے سوا کچھ نہیں ملا ریلی میں سید نجمی عالم، تیمور علی سیال، سینیٹر یوسف بلوچ، شازیہ کریم، خلیل ہوت، حاجی عبدالمجید، ملا نعیم، فرید میمن سمیت پارٹی کے رہنماؤں، کارکنان اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ شرکا نے "آمریت مردہ باد، جمہوریت زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے۔