کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے ویمنز کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے اور آخری میچ میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے نہ صرف کلین سوئپ مکمل کیا بلکہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کی پوائنٹس ٹیبل پر بھی دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستان کی کامیابی میں اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 220 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، جو پاکستان ویمنز کی تاریخ کی دوسری بڑی ون ڈے پارٹنرشپ ہے۔ گل فیروزہ نے 106 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے مسلسل دوسری سنچری اسکور کی جبکہ صدف شمس 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ صدف شمس سیریز میں سب سے زیادہ 289 رنز بنا کر پلیئر آف دی سیریز قرار پائیں جبکہ گل فیروزہ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس سے قبل زمبابوے ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 222 رنز اسکور کیے۔ بیلووڈ بیزا 73 اور کیلس ندھلوو 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ پاکستان کی جانب سے تسمیہ رباب نے 3 جبکہ عائشہ ظفر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف صرف 31.5 اوورز میں حاصل کرکے خواتین کی ون ڈے کرکٹ میں 200 سے زائد ہدف کے کامیاب تعاقب میں تیز ترین رن ریٹ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔