کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (AIT) کراچی میں سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں ایک پُروقار کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چانسلر سرسید یونیورسٹی و چیئرمین گورننگ باڈی (AIT) محمد اکبر علی خان، کنوینر AIT سید محمد محسن کاظم، ڈاکٹر عبدالمعید، ڈاکٹر کاشف شیخ، پرنسپل شاہد جمیل، وائس پرنسپل سید ریحان علی، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جبکہ سب سے یادگار لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب چانسلر محمد اکبر علی خان نے کامیاب طلبہ کے ہمراہ کیک کاٹا، جس پر شرکاء نے پُرجوش تالیاں بجا کر ان کی کامیابی کا بھرپور خیرمقدم کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ یہ تقریب محض خوشی کا اظہار نہیں بلکہ AIT کے طلبہ کی محنت، لگن اور ادارے کی مضبوط تعلیمی روایت کا جشن ہے۔ پرنسپل شاہد جمیل نے کہا کہ علیگڑھ انسٹیٹیوٹ ہمیشہ طلبہ کی فنی، عملی اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے مش mission پر گامزن ہے۔ کنوینر سید محمد محسن کاظم نے طلبہ کی کامیابیوں کو ادارے کے وقار میں اضافہ قرار دیا، جبکہ شعبہ سافٹ ویئر کی سربراہ تسنیم آرزو، شعبہ بائیو میڈیکل انجینئرنگ کی ردا فاطمہ اور شعبہ سول و آرکیٹیکچر انجینئرنگ کی سربراہ مدیحہ یونس کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا گیا جنہوں نے طلبہ کی رہنمائی اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔