کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) کراچی میں جاری 35ویں نیشنل گیمز کے ویمنز نیٹ بال ایونٹ میں پہلے سیمی فائنل کے دوران اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب دونوں ٹیموں کی کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی ہاتھاپائی میں تبدیل ہوگئی۔ میچ رکوانا پڑا اور میدان میں کچھ دیر ہنگامہ خیزی کے مناظر دیکھنے میں آئے۔
صورتحال بگڑنے پر نیٹ بال فیڈریشن کے حکام اور میچ آفیشلز فوری طور پر میدان میں پہنچے اور بیچ بچاؤ کراتے ہوئے کھلاڑیوں کو الگ کیا مختصر تعطل کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا۔
کھیل کی بحالی کے بعد واپڈا ویمنز ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کو یکطرفہ مقابلے میں 10-34 کے واضح مارجن سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ایونٹ آرگنائزرز نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل گیمز کھیلوں کے فروغ اور مثبت مقابلے کے جذبے کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں، اس لیے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعلقہ کھلاڑیوں سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔