کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل محمد سہیل نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کے لئے نیا کانفرنس ہال ایم ڈی اے کی جانب سے ایک تحفہ ہے، ایم ڈی اے نے ہمیشہ صحافیوں کے مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے ان کا ساتھ دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں نئے تعمیر کئے گئے کانفرنس ہال کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں مہمان خصوصی ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل، سیکر یٹری ارشد خان نے کراچی پریس کلب کے صدر احمدخان ملک، سیکریٹری مقصود احمد یوسیفی کے ہمراہ تختی کی نقاب کشائی کی اور ربن کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے سابق صدر امتیاز خان فاران، فاضل جمیلی،جوائنٹ سیکریٹری نعمت خان، اراکین گورننگ باڈی سعید سربازی، شمس کریو، کفیل الدین فیضان، عارف ہاشمی، نعیم سہوترااور ابولحسن کے ساتھ سابق سیکریٹری خورشید عباسی سینئر صحافی مظفراعجاز، آغاخالد، عابد حسین، کے یو جے کے صدر طارق ابو الحسن، نائب صدر خلیل احمد ناصر، منیر عقیل انصاری سمیت دیگر سینئراراکین بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل نے مزید کہا کہ سندھ حکومت بہت جلد کراچی پریس کلب کے دیگر اراکین جن کو ابھی تک پلاٹ نہیں مل سکے ہیں ان اراکین کے لئے پلاٹ کی قرعہ اندازی بہت جلد کی جائے گی، اس حوالے سے کراچی پریس کلب میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
کراچی پریس کلب کے سیکریٹری مقصود احمد یوسیفی نے کہا کہ ہم ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل اور کلب کے اراکین حافظ طارق محمود اور آغا خالد کہ انتہائی مشکور ہیں جن کے تعاون سے کراچی پریس کلب میں نئے کانفرنس ہال تعمیر کرایا، کراچی پریس کلب میں کانفرنس ہال کی شدید ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ پریس کلب کے اراکین کے لیے ایم ڈی اے کی جانب سے پلاٹوں کی قرعہ اندازی جلد کرائی جائے گی۔ صدر کراچی پریس کلب احمد خان ملک نے کہا کہ کراچی پریس کلب میں نئے کانفرنس ہال کی ریکارڈ مدت میں تعمیر مکمل کرائی گئی جس پر میں تمام کلب اراکین کی جانب سے محمد سہیل اور ان کی ٹیم کا شکر گذار ہوں۔امید ہے ان کا تعاون کے پی سی کے ساتھ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
![]()