کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں تیزی سے بڑھنے والے اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں ہوشربا اضافہ سے عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دب جائیں گے، نئی حکومت عوام کی فلاح اور بہبود اور روزمرہ زندگی میں بہتر تبدیلی لانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ ڈالر بڑھنے سے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگا اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں عام شہری کے حصول سے باہر ہوجائیں گی۔ مہنگائی کا سب سے زیادہ اثر پاکستان کے غریب عوام پر براہ راست پڑے گا۔منگل کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ روپے کی ڈالر کے مقابلے میں تیزی سے بے قدری کے باعث مالیاتی خسارہ یعنی غیرملکی قرضوں کے مالیت اور ادائیگی میں عدم توازن بڑھ جائے گا اور تجارتی خسارہ یکسر بڑھ کر ملکی برآمدات پر برا اثر ڈالے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی بے چینی و عدم استحکام اور عدم برداشت کے باعث سب سے بڑا دھچکا معیشت پر پڑ رہا ہے۔
![]()