کراچی (نوپ نیوز) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلمان اسلم نے وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے کورنگی صنعتی علاقے میں حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر کاٹی سلمان اسلم نے وقار مہدی کو صنعتکاروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں بارشوں سے انفرااسٹرکچر کو بہت نقصان پہنچا ہے جس کی درستگی کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
سلمان اسلم نے کہا کہ کورنگی کازوے ہمیشہ بارشوں کے بعد بند ہو جاتا ہے جس سے شدید ٹریفک جام اور برآمدی سامان کی ترسیل تعطل کا شکار ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلی سندھ کی جانب سے نئی چھ لین والے کازوے کی تعمیر کے احکامات جاری کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی نے کاٹی کی خدمات کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون اور کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال ریکارڈ بارشیں ہوئیں تاہم کراچی کی صورتحال گزشتہ بارشوں کے مقابلے میں بہت بہتر رہی۔
وقار مہدی نے بتایا کہ بارشوں کے دوران صوبائی وزراء اور وزیر اعلی سندھ نکاسی کے کام کی خود نگرانی کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی میں انفرااسٹرکچر کی مرمت کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا اس سلسلے میں سندھ حکومت کورنگی صنعتی علاقے میں انفرااسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کاٹی اور کائیٹ لمیٹڈ سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔