کراچی (نوپ نیوز) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان مافیاؤں کو تھپکی دے کر مہنگائی کا ریکارڈ بنوا رہے ہیں۔ حکومت کے لئے خطرہ، اپوزیشن کی تحریکیں نہیں بڑھتی ہوئی مہنگائی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت مافیاؤں کے چنگل سے نکلے اور کچھ کام کر کے دکھائے۔ پی پی پی، مسلم لیگ (ن) کی طرح پی ٹی آئی کی حکومت بھی مافیاؤں سے بھری پڑی ہے۔ جس حکومت کو انڈے اور مرغیوں کی قیمتوں کے کنٹرول کا اختیار نہ ہو وہ بھلا ملک کیسے چلا سکتی ہے؟ بجلی مہنگی، پٹرول مہنگا، آٹا، چینی، گھی، تیل، سبزیاں، گوشت حتیٰ کہ روز مرہ استعمال کی اشیاء کی خرید اب غریب کے لئے ممکن ہی نہیں۔
پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی نے حکومت کو محب وطن ماہر معاشیات کی فراہمی کا تعاون دینے کی پیشکش کی ہے مگر عمران خان مافیاؤں کے چنگل سے نکلنے کو تیار نہیں۔ اگر عمران خان عوام کے دلوں پر راج کرنا چاہتے ہیں تو انہیں عوام کے معاشی مسائل کو حل کرنے کے لئے مافیاؤں کے چنگل سے نکل کر مہنگائی ختم کرنا ہوگی اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ چینی اور گندم اسکینڈل میں ملوث تمام عناصر کے خلاف سخت کاروائی کر کے ان کی جائیدادیں اور ملیں ضبط کرکے عبرتناک سزا ینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی، مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم اور اب پی ٹی آئی کی حکومت بھی عوام کا خون نچوڑ رہی ہے جس سے عوام کا جینا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ وہ مدیحہ روڈ نارتھ کراچی میں پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ مظاہرے میں پاسبان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے رہنما محمد رضوان، جمعہ خان، محمد نعیم، سید رضوان، شاہد مغل، نوید احمد سمیت دیگر ورکرز بھی شامل تھے۔