کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کراچی میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کر دیا۔ شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوۓ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے دوران کراچی کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر درخت لگائے جائیں گے۔ موسم بہار کی مناسبت سے سڑکوں، شاہراہوں اور کھلے مقامات کو پھول اور پودوں سے سجائیں گے۔ شجر کاری مہم کے سلسلے میں دعوت اسلامی کی فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سول سوسائٹی، غیر سرکاری تنظیموں اور شہریوں کے تعاون سے موسم بہار کی شجر کاری مہم کو کامیاب بنائیں گے۔
کراچی کا ہر شہری اپنی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے اپنے گھر اور اطراف میں درخت لگائے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ باغات شجر کاری مہم میں ساتھ دینے والوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ شجر کاری مہم کراچی کو خوبصورت اور سرسبز بنانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ کراچی میں پارک اور پلے گراؤنڈ کو بحال کر رہے ہیں۔ ضلع وسطی میں 15 پارکوں کی بحالی اور تزئین و آرائش کے بعد علاقہ مکینوں کے لئے کھول دیا ہے۔کراچی کے ہر حصے میں درخت لگانے کے لئے درکار وسائل اور افرادی قوت فراہم کریں گے۔ شہر کی بہتری کے لئے پیش کی جانے والی ہر تجویز اور منصوبے کی قدر کرتے ہیں، درخت اور انسان کا رشتہ بہت پرانا ہے یہ ہمیں جینے کے لئے آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔