کراچی (نوپ نیوز) مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن ن سندھ کے صدر اور کراچی کے صوبائی حلقے پی ایس-102 سے ن لیگ کے امیدوار یاسر عدیل شیخ، صوبائی جنرل سیکریٹری عاقب خان تنولی، صوبائی سیکریٹری اطلاعات عبد القدوس بلو، کراچی ڈویژن کے صدر سردار محمد سہیل، سیکریٹری اطلاعات ضماد عالم خان نے ایک مشترکہ بیان میں تحریک انصاف کے فیصل واوڈا کی وکٹ اڑائے جانے کو تحریک انصاف کے منطقی انجام کی طرف پہلا قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نیازی کا انجام بھی امیر عبد اللہ خان نیازی کے انجام سے مختلف نہیں ہوگا۔ جس طرح امیر عبد اللہ خان نیازی بھارتی بنئے کے سامنے ہتھیار پھینک کر دنیا کی بہترین فوج کا مورال ڈاؤن کیا اسی طرح عمران خان نیازی نے آئی ایم ایف کے سامنے ہتھیار ڈال کر قوم کے ساتھ ساتھ اپنے سرپرستوں کو بھی مایوس کیا ہے۔ پاکستان اور عمران خان کا ایک ساتھ چلنا خدانخواستہ کسی نئے سانحے کا سبب بن سکتا ہے۔
مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ نے فیصل واوڈا کی تاحیات ناہلی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اگر مستقبل میں بھی ایسی ہی جرأت کا مظاہرہ کیا اور آزادانہ، شفاف، منصفانہ انتخابات کروانے میں کامیاب ہوگیا تو زمین کی کوئی طاقت میاں محمد نواز شریف کو چوتھی بار وزیر اعظم بننے سے نہیں روک سکے گی۔ عمران خان کا ساتھ چھوڑنے یا چھڑائے جانے والوں کی فہرست دن بدن طویل ہوتی جارہی ہے نا اہلیوں اور نا اہلوں کی رخصتی کا وقت بہت قریب آ چکا ہے۔ قوم نے عمران خان کی شکل میں مہنگائی، کرپشن اور نا اہلی کا اصل روپ دیکھ لیا ہے۔ پاکستان کے عوام اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پاکستان کو بچانے کی آخری امید میاں محمد نواز شریف کی قیادت ہے۔ تحریک انصاف کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئی ہیں۔ آزادانہ انتخابات میں قوم مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی۔ عمران خان این آر او کی درخواست لے کر گیٹ نمبر چار پر تنہا کھڑے ہونگے۔
یاسر عدیل شیخ نے کہا کہ حکمرانوں کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے والے اتحادی بھی اب نئی اڑان بھرنے کو تیار ہو چکے ہیں قوم کو 23 مارچ کے مارچ سے پہلے ہی عمران حکومت سے نجات کی خوشخبری مل سکتی ہے۔ ایم ایس ایف (ن) کے صوبائی جنرل سیکریٹری عاقب خان تنولی نے کہا کہ احتساب کے نام پر بد ترین انتقام اور سیاسی مخالفین کے خاتمے کی کوششیں ناکام ہوچکی ہیں عمران خان کے پاس بہت کم وقت ہے کہ وہ عوام کے غیض و غضب سے بچنے کے لئے ایک درخواست ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف کی خدمت میں ارسال کر دیں دوسری صورت میں نا اہل وزیر اعظم کو گیٹ نمبر چار سے بھی این آر او کی بھیک نہیں ملے گی۔ صوبائی سیکریٹری اطلاعات عبد القدوس بلو نے فیصل واوڈا کی تاحیات نا اہلی کو قدرت کا انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے سب سے محبوب رہنما پاکستان کے عوام کے تین مرتبہ منتخب وزیر اعظم کو نا اہل قرار دالوانے والے اب خود اسی شکنجے میں پھنس چکے ہیں جو ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف کے لئے بنایا گیا تھا۔