کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) بدر ایکسپو کے ٹی پی ایل کی چار سیمی فائنلسٹ ٹیمز کا فیصلہ جمعہ کے روز ہوگیا۔ جوہر جوانز کا مقابلہ پہلے سیمی فائنل میں کلفٹن غازی کے خلاف ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ایف بی فائیٹرز اور ملیر ملنگز آمنے سامنے ہونگے۔ جمعہ کے روز کھیلے جانے والے میچ میں جوہر جوانز نے ڈی ایچ اے دبنگز کو 40 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جوہر جوانز نے 5-63 بنائے۔ راحیل کے 26 رنز نمایاں رہے۔ زیشان نے تین جبکہ جواد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ڈی ایچ اے دبنگز کی ٹیم نے 4-54 رنز بنائے جس کی بدولت جوہر جوانز کو نو رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ دوسری اننگز میں جوہر جوانز نے 4-69 بنا کر ڈی ایچ اے دبنگز کو 61 رنز کا ہدف دیدیا۔ عمران نے سب سے زیادہ 3 رنز بنائے۔ ہدف کو پورا کرنے میں ڈی ایچ دبنگز کی ٹیم ناکام رہی اور جوہر جوانز نے میچ 40 رنز سے جیت لیا۔ ایف بی فائیٹرز کو لیاری لیجنڈز کے ہاتھوں 2 رنز سے شکست ہوئی پر بہتر رن ریٹ کی بدولت ایف بی فائیٹرز نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لیاری لیجنڈز نے 4-49 بنائے۔ عظیم نے 27 رنز بنائے۔ طاہر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ایف بی فائیٹرز نے نے 6-58 بنا کر نو رنز کی برتری حاصل کی۔ دوسری اننگز میں لیاری لیجنڈز نے 3-89 بناکر ایف بی فائیٹرز کو 81 رنز کا ہدف دیدیا۔ رانا محسن نے 3 رنز اسکور کیے۔ جواب میں ایف بی فائیٹرز نے 2-78 رنز بنائے۔ عبید نے سب سے زیادہ 33 رنز اسکور کیے۔ گلشن گوہرز نے نارتھ نوابز کو ہرا کر ایونٹ میں اپنا آخری میچ جیت لیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نارتھ نوابز نے 4-70 بنائے۔ وسیم نے گلشن گوہرز کے لیے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں گلشن گوہرز نے 4-81 بنا کر 11 رنز کی برتری حاصل کی۔ بہادر نے 32 رنز بنائے۔ 11 رنز کی برتری ختم کرنے کے بعد نارتھ نوابز نے 52 رنز مزید بنائے اور یوں گلشن گوہرز کو 53 رنز کا ہدف ملا۔ گلشن گوہرز نے باآسانی ہدف پورا کرلیا اور میچ ساتھ وکٹوں سے جیت لیا۔