Home/اہم خبریں/ابھی اور کتنے جنازے اٹھیں گے اور کتنی ماؤں کی گودیں اجڑیں گی؟ کراچی کے نوجوان شاہ رخ نے دم توڑ دیا، دو روز قبل اس کا ولیمہ ہوا تھا۔ طارق چاندی والا
ابھی اور کتنے جنازے اٹھیں گے اور کتنی ماؤں کی گودیں اجڑیں گی؟ کراچی کے نوجوان شاہ رخ نے دم توڑ دیا، دو روز قبل اس کا ولیمہ ہوا تھا۔ طارق چاندی والا
کراچی (نوپ نیوز) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز بڑھ گئے ہیں۔ کراچی کے نوجوان شاہ رخ نے دم توڑ دیا، دو روز قبل اس کا ولیمہ ہوا تھا۔ امن و امان کی صورتحال بگڑ رہی ہے۔ حکومت اپنے بچاؤ میں اور اپوزیشن حکومت گرانے میں لگی ہے۔ سندھ حکومت وڈیروں کی حکومت بن چکی ہے جنہیں وی آئی پی پروٹوکول سے فرصت ہی نہیں ہے۔ شہر پر جرائم پیشہ افراد کا راج ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور صوبائی حکومت کہاں سو رہی ہے؟ ابھی اور کتنے جنازے اٹھیں گے اور کتنی ماؤں کی گودیں اجڑیں گی؟ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئیں اور عام آدمی کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں کشمیر روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان شاہ رخ کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ تشویشناک ہے۔
جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے ثابت ہوگیا ہے کہ سندھ پولیس امن و امان کی صورتحال اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ جب تک سندھ پولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد نہیں کیا جاتا، کارکردگی میں بہتری کی امید فضول ہے۔ سندھ پولیس کی آدھی نفری پروٹوکول فراہم کرنے میں لگی رہتی ہے اور بقیہ آدھی بھتہ خوری میں۔ عوام کو تحفظ کون فراہم کرے گا؟ سندھ میں تھانے جرائم کا سنڈیکیٹ چلا رہے ہیں اور ایس ایچ اوز ڈان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پوارا شہر مافیاؤں اور جرائم پیشہ افراد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی کراچی سے دلچسپی صرف لوٹ کھسوٹ کی حد تک ہے۔ حکومت جس اہتمام کے ساتھ شہریوں سے ہر چیز پر ٹیکس وصول کرتی ہے اسی اہتمام کے ساتھ ان کے جان ومال کی حفاظت کو بھی ممکن بنائے۔