کراچی (نوپ نیوز) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلمان اسلم نے نئے سال کے آغاز پر ٹیکسٹائل برآمدات میں 61 فیصد کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوری کے ابتدائی 10 دنوں میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 29 کروڑ ڈالر کی کمی سے معیشت کو شدید نقصان پہنچے گا۔ جو تجارتی خسارے میں مزید اضافہ کا باعث بنے گا۔ صدر کاٹی نے وزیر خزانہ کی جانب سے برآمدی حجم میں کمی پر نوٹس لینے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل شعبہ کو درپیش گیس اور بجلی سمیت تمام مسائل کا تدارک کیا جائے۔ سلمان اسلم نے کہا کہ پیداواری لاگت اور فریٹ چارجز میں خاطر خواہ اضافہ سے صنعتکار مشکلات کا شکار ہیں جبکہ منی بجٹ میں مزید نئے ٹیکسز کے خدشات سے برآمدی شعبہ دباؤ کا شکار ہے۔
حکومت صنعتکاروں کے خدشات کو فوری دور کرکے ایک واضح پالیسی کا اعلان کرے۔ صدر کاٹی نے مزید کہا کہ پیداواری لاگت میں کمی، گیس اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ سلمان اسلم نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو برآمدی شعبے کا حجم سال کے اختتام پر تشویشناک حد تک کم ہو جائے گا جو معیشت کیلئے سنگین مشکلات میں اضافہ کر دے گا۔صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ حکومت صنعتکاری اور آمدنی میں اضافہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔