کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ادارہ تعلیم و آگہی کی طرف سے بچوں اور اساتذہ کے لیے منعقد کیے جانے والے تین روزہ پاکستان لرننگ فیسٹیول میں بچوں کے لیے 28 رنگا رنگ اور دلچسپ کتابوں کا اجرا ہوا، جنھیں (روم تو ریڈ) کی طرف سے دس ایم ای این اے اور افریقی ملکوں میں مرتب کیا گیا اور ادارہ تعلیم و آگہی کے زیر اہتمام ان کا سندھی ترجمہ کیا گیا۔ ان کتابوں کا اجرا سندھ کے وزیر تعلیم و ثقافت سردار علی شاہ، صوبائی وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی اور رکن صوبائی اسمبلی تنزیلہ قمبرانی نے کیا۔
اس موقع پر آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی کے صدر احمد شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ، غلام اکبر لغاری اور کمشنر کراچی محمد اقبال میمن بھی موجود تھے۔ ان28 کتابوں کے مترجمین اور ایڈیٹرز میں مہتاب اکبر راشدی، عطیہ داؤد، ظفرجونیجو، یاسر قاضی، زیب نظامانی اور خالد آزاد شامل ہیں۔ اردو اور سندھی میں ترجمہ کی جانے والی ان کتابوں کا پاکستان کی مزید علاقائی زبانوں میں ترجمہ کیا جا رہا ہے۔ ایس ای یل ڈی کے سیکریٹری اور چیف ایڈوائزر کوررکلم ڈاکٹر فوزیہ خان کی قیادت میں اسکول ایجوکیشن اور لٹریسی ڈیپارٹمنٹ نے تہہ دل سے اس کاوش میں تعاون کیا۔