Home/اہم خبریں/علامہ امیر عبداللہ فاروقی کی وفد کے ہمراہ متحدہ علماء محاذ کے قائدین سے ملاقات، ایران پر اسرائیلی حملہ کی دھمکی عالم اسلام پر تصور ہوگی۔ علامہ عبدالخالق فریدی
علامہ امیر عبداللہ فاروقی کی وفد کے ہمراہ متحدہ علماء محاذ کے قائدین سے ملاقات، ایران پر اسرائیلی حملہ کی دھمکی عالم اسلام پر تصور ہوگی۔ علامہ عبدالخالق فریدی
کراچی (نوپ نیوز) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے قائدین علامہ عبدالخالق فریدی،بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری سے مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں اسلامی جمہوری اتحاد سندھ کے صدر تحریک تحفظ حرمین شریفین و بیت المقدس کے چیئرمین علامہ امیر عبداللہ فاروقی کی قیادت میں تین رکنی وفد نے ملاقات کی اور محاذ کی امن و وحدت کے حوالے سے گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر علماء کرام نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملہ کی دھمکی عالم اسلام پر تصور ہوگی اسرائیل نے اگر ایران پر حملہ کیا تو پاکستان سمیت عالم اسلام کے غیور مسلمان اپنے برادر اسلامی ملک ایران کے شانہ بشانہ ہونگے۔ علماء نے سعودی عرب کی جانب سے تبلیغی جماعت، عالم اسلام کی تاریخی دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند، سید قطب شہید، سید ابوالاعلیٰ مودودی اور جید سلفی علماء کرام کی کتابوں پر پابندی کی شدید مذمت کی۔ علماء نے کراچی سمیت ملک بھر میں فرقہ وارانہ سازشوں، بدامنی، دہشت گردی، بیروزگاری، مہنگائی اور جرائم اور کرائم و عصمت دری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر حکمرانوں سے اصلاح احوال اور سدباب کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ مولانا انصاری نے وفد کو 2 جنوری کو ہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ علامہ امیرعبداللہ فاروقی نے کہا کہ عالم اسلام کے سلگتے مسائل دنیا بھر کے مسلم حکمرانوں، سیاسی و مذہبی رہنماؤں کے لئے لمحہ فکریہ و چیلنج ہیں۔ علامہ عبدالخالق فریدی نے کہا کہ متحدہ علماء محاذ گذشتہ 16 سالوں سے اتحاد بین المسلمین کے مقدس مشن کیلئے سرگرم عمل ہے۔ پاکستان میں کسی کو اصحاب رسولؐ، اہل بیت اطہارؓ کی شان و عظمت میں گستاخی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مذہب و مسلک کے نام پر مذہبی منافرت، فرقہ واریت پھیلانے والے اسلام و ملک کے دشمن اور استعماری قوتوں کے ایجنٹ ہیں۔ پوری قوم کو ملکی امن و استحکام، مذہبی ہم آہنگی کے قیام اور فرقہ واریت کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنی چاہئے۔ وفد میں قائم خانی اتحاد حیدرآباد کے صدر ریاض احمد قائم خانی، انجمن عباسیہ پاکستان حیدرآباد کے صدر واحد علی عباسی، سماجی رہنما عارف وسیم بھی شامل تھے۔