Home / اہم خبریں / چین نے ہر لحاظ سے ایک اعتدال پسند اور خوشحال معاشرے کی تعمیر کے ہدف کو حاصل کی اور غربت کے مسئلے کا حل نکالا ہے۔ چینی قونصل جنرل لی بی جیان

چین نے ہر لحاظ سے ایک اعتدال پسند اور خوشحال معاشرے کی تعمیر کے ہدف کو حاصل کی اور غربت کے مسئلے کا حل نکالا ہے۔ چینی قونصل جنرل لی بی جیان

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل لی بی جیان نے کہا ہے کہ کوویڈ 19 کے اثرات کے باوجود سی پیک کے منصوبے مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں اور مرحلہ وار نتائج حاصل کر رہے ہیں۔ چین نے ہر لحاظ سے ایک اعتدال پسند اور خوشحال معاشرے کی تعمیر کے ہدف کو حاصل کیا ہے اور غربت کے مسئلے کا تاریخی حل نکالا ہے۔ چین مشترکہ ترقی کی خواہشات کو پورا کرنے اور علاقائی امن، استحکام اور ترقی میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری ہر لحاظ سے مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی ایڈیٹرز کلب کے سات رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کے ای سی کے وفد میں صدر مبشر میر، سیکرٹری جنرل منظر نقوی، ایگزیکٹو ممبر آغا مسعود حسین، اقبال جمیل، شمع منشی، فضا شکیل اور خرم جاکھرانی شامل تھے۔ لی بی جیان نے کہا کہ ہم اس سال چین کی کمیونسٹ پارٹی کے قیام 100ویں سالگرہ منا رہے ہیں جبکہ یہ چین کے 14ویں پانچ سالہ منصوبے کی مدت کا پہلا سال ہے۔ اس سال چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ بھی ہے۔ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران مختلف سماجی اور سیاسی نظاموں، تاریخوں اور ثقافتوں کے حامل ممالک کے درمیان تعلقات ایک شاندار نمونے کی شکل اختیار کر چکے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری ہر لحاظ سے مضبوط ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19کے اثرات کے باوجود سی پیک کے منصوبے مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں اور مرحلہ وار نتائج حاصل کر رہے ہیں۔ گوادر میں سی پورٹ، چین پاکستان گوادر مڈل اسکول اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو استعمال میں لایا گیا ہے۔ ایسٹ بے ایکسپریس وے، 150 بستروں پر مشتمل فرینڈ شپ ہسپتال اور نیو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تعمیرات جاری ہیں۔ اس وقت سی پیک منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ دوسرے مرحلے کے لیے، سی پیک صنعتوں، معاشیت، زراعت، اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر زیادہ توجہ دے گا۔ چین رہنماؤں کی طرف سے طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پاکستانی فریق کے ساتھ مل کر کام کرنے اور سی پیک کو اعلی معیار کے منصوبے میں تبدیل کرنے اور دونوں ممالک اور خطے کے لوگوں کو مزید فوائد پہنچانے کے لیے تیار ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان عوام سے عوام کے تبادلوں اور تعاون کے بارے میں لی بی جیان نے کہا کہ عوام سے عوام کے تبادلے چین پاکستان تعلقات کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ علمی، تعلیمی، سائنسی اور تکنیکی تبادلے تعلقات میں مضبوطی کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ منانے کے لیے، دونوں فریقوں نے عوام سے عوام کے تبادلے کی سرگرمیوں کا ایک سلسلہ ترتیب دیا ہے اور اس حوالے سے میکانزم بھی قائم کیا گیا ہے، جس نے عوامی رائے کی بنیاد کو مضبوط بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اچھی طرح سے کام کر رہے ہیں اور پاکستان میں تعلیم اور فروغ دے رہے ہیں۔ کراچی یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ 7000 رجسٹرڈ طلبا کے ساتھ پاکستان میں چینی زبان کا سب سے بڑا مرکز بن گیا ہے اور کراچی کی 6 ممتاز یونیورسٹیوں اور اداروں میں اس کی تدریسی سائٹس ہیں۔ سی آئی یو کے نے پاکستانی طلبا کے لیے انٹرن شپ کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے بینک آف چائنا کراچی برانچ میں ایک انٹرن شپ بیس بھی قائم کیا ہے۔ سیچوان نارمل یونیورسٹی اور جامعہ کراچی نے دوسری زبانوں کے بولنے والوں کو چینی سکھانے کے لیے اسپلٹ 2+2 انڈرگریجویٹ پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ لی بی جیان نے کے ای سی کے اراکین کے ساتھ علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین پرامن ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ چین تمام علاقائی ممالک کے ساتھ ایک کمیونٹی کی تعمیر کے لیے کوشاں ہے اور ہمیشہ عالمی امن کا حامی، عالمی ترقی میں معاون اور بین الاقوامی نظام کا محافظ رہے گا۔ چین مشترکہ ترقی کی خواہشات کو پورا کرنے اور علاقائی امن، استحکام اور ترقی میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے