کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن نے صحافیوں کے داخلے پر سرکاری اداروں میں پابندی اور اطلاعات تک رسائی نہ دینے کے خلاف مظاہرے میں کے یو جے کے جنرل سیکرٹری فہیم صدیقی کے 72 گھنٹے کے الٹی میٹم کی معیاد ختم ہونے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے رابطے شروع کر دیے۔ جبکہ لبرا کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، مشیر قانون و ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب اور قائد حزب اختلاف سے ملاقات کرکے صحافیوں کو درپیش سنگین مسائل کا ادراک کیا جائے گا۔ لبرا کا اجلاس ایسوسی ایشن کے سرپرست سینیئر صحافی شہزاد چغتائی کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں نائب صدر تنویر سید، جنرل سیکرٹری عمران علی شاہ، جوائنٹ سیکرٹری سید جنید احمد ، سیکریٹری مالیات عابد عباسی، سیکریٹری اطلاعات احمد علی اور اراکین ندیم صدیقی، خالد الیاس، اسد اخباری، احسن افتخار عمران خان، علی واسع اور راؤ عبد الغفار شریک ہوئے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر تنویر سید کو قائم مقام صدر ایسوسی ایشن مقرر کر دیا گیا ہے۔ جبکہ مزکورہ وزرا اور قائد حزبِ اختلاف سے ملاقات کے حوالے سے 3 رابطہ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جن میں مرتضیٰ وہاب سے کوآرڈینیشن کے لیے عمران علی شاہ اور سید جنید احمد، ناصر حسین شاہ سے ملاقات کے لیے تنویر سید اور عابد عباسی، جبکہ قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ سے ملاقات کے لیے ندیم صدیقی اور احمد علی پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جبکہ مختلف صحافتی تنظیموں سے رابطے جاری ہیں اور صحافیوں کو درپیش مسائل پر سب مل کر کردار ادا کرنے پر متفق ہیں۔