کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری عبدالعزیز عرب نے 9 نومبر کو یومِ سقوط جونا گڑھ کے حوالے سے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جونا گڑھ اسٹیٹ کو بھارت کے غاصبانہ قبضے سے فوری طور پر آزاد کروایا جائے، قائد اعظم محمد علی جناح نے الحاق جونا گڑھ کی دستاویز پر دستخط کئے اور فرمایا کہ جونا گڑھ پاکستان ہے، پاکستان کو عالمی تعلقات اور سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے مسئلہ جونا گڑھ کو عالمی برادری میں اجاگر کرنے اور اس میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو عالمی اداروں کے ساتھ ساتھ ملکی ایوانوں و سفارتخانوں میں مسئلہ جونا گڑھ کے متعلق اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔ عبدالعزیز عرب نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کشمیر کی طرح جونا گڑھ کمیٹی قائم کرے تاکہ مسئلہ جونا گڑھ بہتر طریقے سے اجاگر کیا جاسکے۔ انھوں نے مختلف جماعتوں کے وفد سے 9 نومبر کو کراچی پریس کلب پر متحد ہوکر احتجاج کرنے کے لئے پرزور اپیل کی، ان کے ساتھ جونا گڑھ اسٹیٹ مسلم فیڈریشن کے نائب صدر یوسف شیخ، نائب صدر عبدالستار ترک، نائب صدر بشیر قریشی، فائنانس سیکرٹری فاروق شیخ، جوائنٹ سیکرٹری قاضی مصطفی، جوائنٹ سیکرٹری محمد علی اجمیری، جوائنٹ سیکرٹری جمال ناصر، دفتر سیکرٹری امان ملک موجود تھے۔