کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی میں مکان کی دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پہنچے اور چاروں لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیں۔ مرنے والوں میں 3 بچے اور ان کی ماں شامل ہے۔ ہلاک ہونے والے چاروں افراد کی شناخت 4 سالہ بشیر، 7 سالہ مبینہ، 10 سالہ نصیب اور 28 سالہ سید خاوا زوجہ رسول سعید کے ناموں سے ہوئی۔ متاثرہ مکان کا جائزہ لینے کیلئے پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیز نے بتایا کہ واقعہ مکان میں پانی بھر جانے کی وجہ سے پیش آیا، حادثے میں ماں اور اس کے تین بچے جاں بحق اور دو زخمی ہوئے جبکہ ایک محفوظ رہا۔ علاقہ مکین نے بتایا کہ گھر کی دیوار نجی ہاؤسنگ اسکیم کی دیوار کی وجہ سے گری، پہاڑ پر بنی ہاؤسنگ اسکیم کی دیوار بارش کے دوران گری تو گھر میں بچے سو رہے تھے، رات بھر جدوجہد کرکے بچوں اور خاتون کی لاشوں کو باہر نکالا۔