سانگھڑ (رپورٹ: رضوان احمد غوری) ہر سال کی طرح اس سال بھی ٹنڈو آدم ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیرِ انتظام حرا پبلک اسکول ٹنڈو آدم میں یوم دفاع پاکستان بھرپور طریقے منایا گیا، اس سلسلے میں اسکول میں طلباء نے تقاریر، ملی نغموں اور نعروں سے لہو کو گرمایا اور پاک فوج اور ان کے شانہ بشانہ پاکستانی عوام کی 1965 میں دی جانے والی لازوال قربانیوں کو سراہا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر حرا پبلک اسکول، جوائنٹ سیکرٹری ٹنڈو آدم ایجوکیشنل سوسائٹی پروفیسر احمد بلال غوری نے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنے وطن کا دفاع کرنا جانتی ہیں۔ افواج پاکستان کے جسکا موٹو جہاد فی سبیل اللہ ہے نے اللہ کی مدد و نصرت سے اپنے سے کئی گناہ بڑے دشمن کو شکست فاش دی، مسلمان فوج جب نعرہ تکبیر اللہ اکبر لگا کر آگے بڑھتی ہے تو اللہ اسکا مدد گار بن جاتا ہے۔ مگر دشمن اپنی روش سے باز نہیں آیا اس کی پوری کوشش ہے کہ ہماری نوجوان نسل کو تباہ کرے، مگر اللہ تعالی کا احسان ہے کہ اس نے ہمیں مسلمان اور پاکستانی بنایا اور ہمارے بزرگ مرحومین عبدالعزیزغوری اور عبدالستار غوری و دیگر نے ہمیں ایک ایسا ادارہ بنا کر دیا کہ جہاں بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ امت مسلمہ کا تصور اور جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنے کا بھرپور انتظام ہے۔
ہم اپنے بزرگوں کے راستے پر ہیں اور انشاءاللہ وقت آنے پر اسلام اور پاکستان کے لیے اپنی جان بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ حالیہ دنوں امریکہ کی طالبان سے شکست اور اللہ رب العزت کی نصرت کو دیکھ کر ہمارے ایمان کو مزید جلا ملی ہے۔ مومن ہے تو بے تیغ بھی لڑتا ہے سپاہی کافر ہے تو شمشیر پر کرتا ہے بھروسہ، انشاء اللہ پاکستان اسلام کا قلع ثابت ہوگا اور قیامت کی صبح تک قائم رہے گا وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف جہاد کشمیر کا اعلان کریں اور کشمیر کو آزاد کرائیں پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے قائد حریت مجاہد ملت سید علی شاہ گیلانی کی جدوجہد آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ساتھ ہی طلباء کو 7 ستمبر یوم ختم نبوت کہ جس دن قادیانیوں کو کافر قرار دیا گیا کو بھی یاد رکھنے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسکول میں طلباء کو اللہ کی وحدانیت رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ختم نبوت، اہل بیت و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی محبت اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار کر رہے ہیں اور یہی ان کے لیے مشعل راہ ہے۔