Home / اہم خبریں / سندھ حکومت میرپورخاص میں ضروریات زندگی کے تمام وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ چیئرمین پی ڈی پی الطاف شکور

سندھ حکومت میرپورخاص میں ضروریات زندگی کے تمام وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ چیئرمین پی ڈی پی الطاف شکور

میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے لئے ٹائم فریم دینے سے کیوں گریزاں ہے؟ کیا وہ اس بات سے خوفزدہ ہے کہ عوام ایک بار پھر انہیں مسترد کر دیں گے؟ پی پی پی نے کرپشن، لوٹ مار، دھاندلی، اقرباء پروری اور خاندانی و موروثی سیاست کو فروغ دیا، میرٹ کا قتل عام کر کے ظالمانہ کوٹہ سسٹم کو نافذ کیا۔ عوام کو بنیادی حقوق دلانے کے بجائے دام وصول کرتے رہے۔ کوٹہ سسٹم کا فائدہ صوبہ سندھ کے دیہات کے طالبعلموں کو ہر گز نہیں ملا۔ وڈیرہ شاہی نے شہروں سے جعلی ڈومیسائل بنا لئے۔ سندھ سرکار نے ایک عام سندھی اور عام آدمی کا حق مار کر سرکاری مناصب پر اپنے رشتہ داروں کو بٹھا دیا۔ سندھ کے لوگوں کو امراض کے علاج کی سہولیات میسر نہیں ہیں۔ اچھی ٹرانسپورٹ کی سہولیات سے سندھ محروم ہے۔ سندھ کے نوجوانوں کو خیرات نہیں با عزت روزگار چاہئے۔ سندھ کے بلدیاتی اداروں میں کرپشن اور میرٹ کی پامالی بند کی جائے۔ سندھ کے مظلوم عوام پیپلز پارٹی کے پچاس سال جبر و استبداد سے جان چھڑانے کے لئے پاسبان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ پاسبان کی قیادت پر عزم ہے، سندھ کے مظلوموں کو ان کا حق دلائے گی۔ میرپورخاص میں موجود میڈیکل کالج کی عمارت جلد از جلد مکمل کی جائے۔ مسائل کے حل کے لئے میرپور خاص کو صوبائی حکومت میں نمائندگی دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے وائس چیئرمین پی ڈی پی رفیق خاصخیلی، وائس چیئرمین پولیٹیکل افیئرز سہیل یعقوب و دیگر عہدیداران کے ہمراہ میر پورخاص کے دورے کے موقع پر کیا۔ واضح رہے کہ پاسبان نے بلدیاتی انتخابات سے قبل ملک گیر سطح کے دوروں کے آغاز کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبائی سطح پر سندھ کے شہروں کا دورہ کیا جس میں حیدرآباد، نوری آباد، تھانہ بولا خان، ٹنڈو آدم اور میرپورخاص شامل ہیں۔ پاسبان عہدیداران کے دوروں کا مقصد بلدیاتی انتخابات سے قبل تمام سیاسی کارکنان کو متحرک کرنا اور انتخابات کی بھرپور تیاری کرنا ہے۔ پاسبان عہدیداران نے میرپورخاص ڈویژن میں ڈویژنل آرگنائزر خالد جاوید آرائیں، ڈسٹرکٹ میرپور خاص کے صدر محمد مالک جانباز اور دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی اور پارٹی کے اہم امور پر میٹنگ کی۔ میرپور خاص کی قیادت نے چیئرمین کو سندھ کے چوتھے بڑے شہر کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لئے گفتگو کی۔ اس موقعہ پر پاسبان عہدیدداران نے کہا کہ فیودلز اور سرمایہ دارانہ گٹھ جوڑ نے ملک کو ماورائے قانون، آئین اور طرز حکمرانی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات جلد از جلد منعقد ہونے چاہئیں تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔ صوبائی حکومت مختلف حیلوں بہانوں سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو تاخیر کا شکار کر رہی ہے۔ اس موقعہ پر پی ڈی پی چیئرمین نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص میں ضروریات زندگی کے تمام وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے پاسبان کارکنان کو اپنے اپنے ڈویژن، محلے اور علاقہ میں انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

پی ایچ ایف کی کفایت شعاری مہم، عہدیداروں کے بیرون ملک دوروں پر پابندی

لاہور، (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملک میں جاری کفایت شعاری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے