کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے سندھ حکومت کی جانب سے ایس ایچ اوز کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانے کا اختیار دینے کی مزمت کی ہے۔ تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کاٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی مسائل میں کمی کرنے کے بجائے ان کی پریشانی میں اضافہ کر رہی ہے۔عوام پہلے ہی لاک ڈاؤن اور کاروباری بندش کے باعث پریشان ہیں، مارکیٹیں بند ہونے سے اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور عوام کو ضروریات زندگی پوری کرنے میں شدید دشواری اٹھا رہے ہیں۔ سلیم الزماں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں حکومت کی جانب سے پولیس کو جرمانے کی اجازت سے شہر میں رہنے والوں کا جینا محال ہو جائے گا۔ پولیس میں موجود کرپٹ عناصر نے پہلے ہی لاک ڈاؤن کی آڑ میں رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے جس کا صوبائی وزراء خود بھی اعتراف کر چکے ہیں۔ صدر کاٹی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ملازمت پیشہ طبقہ اور مزدور دو وقت کی روٹی کمانے کیلئے گھروں سے نکلتے ہیں اور سارا دن محنت مزدوری کے بعد گھر کو لوٹتے ہوئے کرپشن زدہ چند پولیس اہلکار لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا الزام لگا کر رشوت میں ساری کمائی لے جاتے ہیں۔ سلیم الزماں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر پولیس سے جرمانے کا اختیار واپس لے، کرپشن کو ختم کرنے کے لئے صرف ڈی سی اور مجسٹریٹ کو ہی کارروائی کا اختیار ہونا چاہیے۔ عوام کی سہولت کیلئے حکومت جرمانے اور سزائیں ختم کرے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ تاجر اور صنعتکار پہلے ہی حکومت کو تجویز دے چکے ہیں کہ معاشی سرگرمیوں کو ہر حال میں جاری رہنا چاہیئے، صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے باعث ہی ہم صنعتوں کو فروغ، برآمدات میں اضافہ اور بے روزگاری میں کمی لاسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ کراچی کو پی پی پی کا مسلط کردہ ایڈمنسٹریٹر قبول نہیں، چارٹر سٹی کا آئینی درجہ اور چارٹر سٹی میئر دیا جائے۔ سینیئر رہنما پی ڈی پی سردار ذوالفقار https://www.nopnewstv.com/karachi-does-not-accept
انہوں نے کہا کہ ان تمام مثبت سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لئے شہر کراچی مزید مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ سلیم الزماں نے کہا کہ دیگر ممالک میں عوام کو قائل کرنے کیلئے حکومت انعامات کے ذریعہ ویکسین لگوانے اور ایس او پیز پر عمل کرا رہے ہیں، حکومت عوام کو اسی طرز کی اسکیمیں متعارف کرائے تاکہ بڑی تعداد میں عوام ویکسینیشن کا عمل مکمل کریں اور ایس او پیز پر عمل درآمد کرسکیں۔ صدر کاٹی نے وزیر اعلی اور آئی جی سندھ سے صورتحال کا نوٹس لینے اور پولیس سے جرمانے کے اختیارات واپس لینے کی اپیل کی ہے۔