Home/اہم خبریں/تاجرالائنس کا شہر قائد میں اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہم چلانے کا اعلان۔ جلد اپنی ٹیم کے ساتھ جہاں تک ممکن ہوا شہر کی صفائی کریں گے۔ ایاز میمن
تاجرالائنس کا شہر قائد میں اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہم چلانے کا اعلان۔ جلد اپنی ٹیم کے ساتھ جہاں تک ممکن ہوا شہر کی صفائی کریں گے۔ ایاز میمن
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ عید قرباں کو گئے ایک ہفتے سے زیادہ ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک شہر قائد میں گندگی کے ڈھیر وہیں کے وہیں پڑے ہیں، جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں پر بھنبناتی مکھیوں کی بھر مار ہے جس کی وجہ سے شہریوں میں مختلف امراض جیسے ٹائیفائیڈ، معدے کے امراض و دیگر مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں، آلودہ ماحول اور گندگی کی وجہ سے گھروں، دکانوں اور ہر جگہ پر مکھیاں ہی مکھیاں نظر آرہی ہیں، ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ کراچی میں تو اس وقت کوئی بھی ایسی جگہ نہیں ہے جو گندگی سے محفوظ ہو، انتظامیہ کی غفلت اور سستی کی وجہ سے خوبصورت ترین شہر گندگی کے ڈھیروں میں بدل گیا ہے، پورے پاکستان کے لئے معاشی حب کی حیثیت رکھنے والے شہر کی صفائی و ستھرائی کے ناقص انتظامات حکمرانوں کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا خوبصورت ترین شہر ہے جس میں ساحل سمندر ساتھ ساتھ مختلف تفریحی و تاریخی مقامات ہیں، پاکستان کے کونے کونے سے لوگ اس شہر میں آکر روزگار کما رہے ہیں لیکن کراچی کی بے حسی اور بدقسمتی ہے کہ حکمران اس شہر کو اے ٹی ایم مشین سمجھتے ہیں لیکن اس شہر کی صفائی و ستھرائی کے لیئے کسی حکومت نے جامع اقدامات نہیں کیے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے صفائی و ستھرائی کے موثر اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے مکھیوں نے پورے شہر پر قبضہ کر رکھا ہے شہری کچھ لمحوں کے لیئے باہر بیٹھ نہیں سکتے اور نہ ہی کوئی کام کر سکتے ہیں کیونکہ مکھیاں ان پر یلغار کر دیتی ہیں، صوبائی حکومت یا شہری انتظامیہ نے مکھیوں کے خاتمے کے لیئے کوئی اسپرے بھی نہیں کیا، اگر گندگی کا یہی حال رہا تو ایک دن آئے گا جب اس شہر کی کوئی شاہراہ یا کوئی کونہ ایسا نہیں ہوگا جہاں گندگی کے ڈھیر نہ ہوں، گندگی اور غلاظت سے مختلف وبائی امراض جنم لیتے ہیں جو مناسب علاج و معالجے کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ صفائی تو نصف ایمان ہے اس لیئے صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ، شہریوں، فلاحی اداروں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل ہے کہ خدارا کراچی کو صاف ستھرا کرنے کے لیئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ہر شخص اپنی اپنی حیثیت کے مطابق شہر کی صفائی میں اپنا اپنا حصہ ملائے کیونکہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور ہم نے ہی ملکر اس کو صاف ستھرا کرنا ہے۔