تازہ ترین
Home / اہم خبریں / پیپلز پارٹی کراچی سے ووٹ نہ دینے کا انتقام لے رہی ہے، اسٹیک ہولڈرز نے کراچی کو جاہلوں کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے۔ الطاف شکور

پیپلز پارٹی کراچی سے ووٹ نہ دینے کا انتقام لے رہی ہے، اسٹیک ہولڈرز نے کراچی کو جاہلوں کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے۔ الطاف شکور

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی سے ووٹ نہ دینے کا انتقام لے رہی ہے۔ اسٹیک ہولڈرز نے کراچی کو جاہلوں کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے۔ سندھ حکومت نا اہلوں کا ٹولہ ہے۔ کوئی بھی بڑے پیمانے کا کام ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ جس رفتار سے ویکسینیشن کا عمل چل رہا ہے اسے صوبہ سندھ میں مکمل ہونے میں تین سال لگیں گے۔ اس دوران دوسری دفعہ ویکسین لگانے کی باری آ جائے گی۔ ویکسینیشن میں بد ترین بد نظمی ہو رہی ہے۔ عوام تنگ آکر رشوت دے کر ویکسین لگانے پر مجبور ہو جائے گی، سندھ حکومت اس کام میں ماہر بھی ہے اور تجربہ کار بھی۔ عمران خان کو نہ جانے کیوں یقین ہے کہ کراچی اگلی مرتبہ بھی انہیں ووٹ دے گا۔ کراچی سے ان کا سوتیلا پن سمجھ سے باہر ہے۔ کراچی کو آستین کے سانپ ڈس رہے ہیں، کراچی والوں کے لئے آستین جھٹک دینے کا وقت أٓگیا ہے۔ حکومت فیصلہ کرے کہ عوام کو بھوک سے مرنے دینا ہے یا کورونا سے؟ حکومت نے بجٹ میں روزانہ کمانے والوں کی امداد کے لیے کوئی رقم مختص نہیں کی ہے۔ حکومت عوام کو زومبی بنانے پر تلی ہوئی ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ حکومت ہی عوام کے بدترین غیض و غضب کا شکار ہو جائے۔ پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کی آن لائن میٹنگ میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز کی ابتر صورتحال اور سندھ حکومت کے اقدامات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کی آڑ میں سندھ حکومت کی انتظامیہ لوٹ مار میں لگی ہوئی ہے۔ اندرون سندھ سے لاکر مسلط کی گئی انتظامیہ غریبوں کے ٹھیلے اور پتھارے گرا سکتی ہے لیکن دودھ اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں کم نہیں کرا سکتی۔ سندھ سرکار جتنی مستعدی کورونا ویکسینیشن کے لئے دکھا رہی ہے اتنی ہی پھرتی روز مرہ اشیاء کی قیمتیں سرکاری نرخوں پر مہیا کرنے میں بھی خرچ کرے۔ لاک ڈاؤن کے دوران دیہاڑی دار اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو زندہ رہنے کے لئے ان کے گھروں پر راشن پہنچانے کے انتظامات کرے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز کے باوجود کراچی میں مکمل اور سخت لاک ڈاؤن پی پی پی کی کراچی دشمنی کا ثبوت ہے کہ یہاں لاک ڈاؤن کر کے نہ صرف معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے بلکہ اہل کراچی سے انتخابات میں ووٹ نہ دینے کا بدلہ لیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے قائم ویکسینیشن سینٹرز میں عوام کا اژدہام ہے، ایس او پیز کا دور دور تک نام و نشان نہیں ہے۔ انتظامات دیکھ کر ایسا لگتا پے جیسے یہ کورونا روکنے کے نہیں پھیلانے کے انتظامات ہیں۔ سندھ سرکار اگر واقعی کورونا کی روک تھام کے لئے سنجیدہ ہے تو موبائل ویکسینیشن کو ممکن بنائے۔ پولیو کے قطروں کی طرح گھر گھر جا کر عوام کو ویکسین لگانے کے انتظامات کئے جائیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

کمالیہ شہر کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کو ختم کیا جائے

    ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نام تحریری درخواست دے دی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے