مانسہرہ (رپورٹ: عتیق سلیمانی) موٹر وے پولیس نے چار سالہ برہان کو گھر والوں سے ملا دیا۔ ایک اور کارروائی کے دوران 40 ہزار مالیت کا گمشدہ موبائل تلاش کر کے مالک تک پہنچا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چار سالہ برہان کلرکہار سروس ایریا میں رو رہا تھا۔ موٹر وے پولیس نے روتے ہوئے بچے کو دیکھا تو معلومات لینے کی کوشش کی لیکن بچہ کچھ نہ بتا سکا۔ جس پر بچے کو حفاظتی تحویل میں لیتے ہوئے اس کے گھر کی تلاش شروع کر دی گئی بعد ازاں بچے کے ماموں نقیب نے موٹر وے پولیس سے رابطہ کرکے بچے کی گمشدگی کی اطلاع دی۔ نقیب اپنے خاندان کے ہمراہ لاہور سے مانسہرہ کی جانب سفر کر رہا تھا کہ کلرکہار سروس ایریا میں بچہ بھول گیا۔ بعد ازاں بچے کو باحفاظت اس کے خاندان حوالے کر دیا گیا۔ ایک دوسری کارروائی کے دوران محمد اشرف نامی شخص نے اطلاع دی کہ ان کا موبائل دوران سفر کھو گیا ہے موبائل کی قیمت 40 ہزار روپے تھی۔ موٹروے پولیس نے ضروری معلومات لینے کے بعد بھیرہ سروس ایریا کے اس ہوٹل سے موبائل تلاش کرلیا ہے جس میں انہوں نے کھانا کھایا تھا موبائل مالک تک پہنچا دیا گیا۔