تازہ ترین
Home / اہم خبریں / معاشی بقاء کیلئے ایس او پیز کیساتھ صنعتی پیداوار کا عمل جاری رکھنا ہوگا۔ سلیم الزماں صدر کاٹی

معاشی بقاء کیلئے ایس او پیز کیساتھ صنعتی پیداوار کا عمل جاری رکھنا ہوگا۔ سلیم الزماں صدر کاٹی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے کہا کہ موجودہ کورونا وائرس وباء کے دوران کاروبار اور صنعتی عمل کو جاری رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے اس سے نمٹنے کے لیے وفاقی و صوبائی سطح پر دانشمندانہ اقدامات کیے جائیں۔ صنعتوں میں پیدواری عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے اس کے لیے حکومت اور صنعتکار مشترکہ حکمت عملی تیار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی پہیہ کو مکمل طور پر بند نہیں کیا جاسکتا، اس سلسلے میں حکومت مکمل لاک ڈاؤن کے بجائے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کرے اور ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرے۔ سلیم الزماں نے کہا کہ ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو ویکسین لگا کر اس وباء سے محفوظ کیا جاسکے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ صنعتی علاقے بخوبی اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں اور انڈسٹری میں کام کرنے والے ملازمین کی اکثریت ویکسین لگوا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف کورنگی صنعتی علاقے میں سندھ حکومت کے تعاون سے 65 ہزار سے زائد ملازمین کو ویکسین لگائی جا چکی ہیں، جوکہ ظاہر کرتا ہے کہ صنعتی پیداواری عمل کے باعث کورونا کا پھیلاؤ ممکن نہیں۔ سلیم الزماں نے کہا کہ حکومت ایس او پیز کے ساتھ تمام کاروبار زندگی کو جاری رکھنے کی اجازت دے، کیونکہ صرف احتیاط ہی اس وباء سے لڑنے کا واحد حل ہے، لیکن انڈسٹری اور تجارت کو مکمل لاک ڈاؤن لگانے سے بے روزگاری خطرناک حد تک بڑھ جائے گی اور معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر اور خصوصی طور پر کراچی میں کورونا وباء کی موجودہ لہر خطرناک شکل اختیار کرتی جارہی ہے جو انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کے لیے بھی چیلنج ثابت ہو رہی ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ گزشتہ کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے پاکستانی حکمت عملی کو عالمی طور پر سراہا گیا، موجودہ کورونا وباء سے بچاؤ کے لئے نہ صرف ویکسینیشن کا عمل ضروری ہے بلکہ حکومتی سطح پر اس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی بھی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جب کہ کورونا کی موجودہ لہر کافی خطرناک ثابت ہو رہی ہے اورقیمتی انسانی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے،اس نازک صورتحال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ بحیثیت ایک قوم حکومت، عوام، اور دیگر قومی ادارے مل کر کورونا وباء کے خلاف احتیاطی تدابیر اور موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے اس پر قابو پائیں تاکہ ملک میں قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے۔ سلیم الزماں نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کے طوفان کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور وباء کی روک تھام کے ساتھ صنعتی پیداوار کا عمل بھی جاری رکھنا ہوگا۔ صدر کاٹی نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے لیبر، صحت اور وزارت صنعت و تجارت کو اس سلسلے میں موثر حکمت عملی تیار کرے اور اس حوالے سے صنعت کار برادری کی تجاویز کو بھی لائحہ عمل کا حصہ بناتے ہوئے اس پر فوری عمل درآمد بھی شروع کرائے۔ سلیم الزماں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کو معمول پر لانے کے لئے برآمداتی شعبے کے ساتھ ساتھ اس صنعت سے وابستہ دیگر صنعتوں کو بھی فعال بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

کمالیہ شہر کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کو ختم کیا جائے

    ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نام تحریری درخواست دے دی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے