Home / اہم خبریں / پی ٹی آئی مافیاز کی حکومت ہے، مافیاز جیت گئے، عوام ہار گئے۔ چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور

پی ٹی آئی مافیاز کی حکومت ہے، مافیاز جیت گئے، عوام ہار گئے۔ چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت مافیاز کی حکومت ہے، مافیاز جیت گئیں اور عوام ہار گئے ہیں۔ حکومت اپنے خود غرضانہ عزائم کو آگے بڑھانے کے لئے مہنگائی کرتی ہے۔ بڑی عید پر تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو تین بڑے سنگدلانہ تحفوں سے نوازا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ، گھی، تیل، آٹا اور چینی میں مزید اضافہ اور مہنگے جانور۔ گھی تیل سمیت بنیادی ضروریات کی چیزوں میں اضافہ کے بعد اب پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام کو زندہ درگور کر دے گا۔ تیل کی قیمتوں کو عالمی منڈی سے نہ جوڑا جائے۔ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔ کورونا لاک ڈاؤن کے بعد عالمی منڈی میں پیٹرلیم مصنوعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی جبکہ وطن عزیز میں قیمتیں مستحکم رہیں۔ عالمی منڈی کو معیار بنانا ہے تو جس وقت بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتیں 13 ڈالر بلکہ اس سے بھی کم ہوئی تھیں اس وقت وزیر اعظم نے ملک بھر میں پیٹرول بیس روپے لٹر کیوں نہیں کیا؟ کیا وزیر اعظم کو احساس نہیں ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے عوام کا تیل نکال رہے ہیں؟ اس بار تو پٹرول کے ساتھ ساتھ گھی، تیل، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ کر کے عوام کو خودکشی کا راستہ دکھایا جا رہا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کا باعث بنے گا۔ پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کی آن لائن میٹنگ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے اسے انتہائی غیر دانشمندانہ فیصلہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اضافہ سے نہ صرف کاروبار ی سرگرمیوں پر منفی اثر مرتب ہوں گے بلکہ عوام کیلئے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔ معیشت کیلئے نئی مشکلات پیدا ہوں گی۔ حکومت آئی ایم ایف کے شدید دباؤ میں ہے۔ مہنگائی بڑھانے سے حکومت کی ٹیکس آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے۔ مہنگائی دوگنی کرنے سے حکومت کو اوسطا تیس فیصد ٹیکس کی مد میں آمدنی ہوتی ہے اور قیمتوں کا دہرا بوجھ عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔ اس سے تو بہتر ہے کہ حکومت مہنگائی بڑھانے کی بجائے براہ راست ٹیکس بڑھا دے۔ عوام کو مہنگائی اور کاروباری اداروں کو مزید مسائل سے بچانے کیلئے حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث متوسط طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور ان کے لیے مہینے کا خرچ پورا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ بجلی، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک ساتھ اضافہ کے باعث عوام جس پریشانی کا شکار تھے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تازہ اضافہ سے رہی سہی کسر پوری ہوگئی ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ عوام کی اکثریت اب دو وقت کی روٹی کی محتاج ہوگئی ہے۔ اچھا خاصا کمانے والا اور کاروباری طبقہ بھی مشکل سے گذر بسر کر رہا ہے۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسوں میں نمایاں کٹوتی کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور مہنگائی کم ہو۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایمن فاطمہ کی دھواں دار نصف سنچری، پاکستان ویمنز نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے کے خلاف شاندار کارکردگی کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے