اسلام آباد (بیورو رپورٹ) کشمیر پریمیئر لیگ 2021 کے پہلے ایڈیشن کا کاؤنٹ ڈاؤن اب شروع ہوگیا ہے کیونکہ تین جولائی کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کے پی ایل ڈرافٹ ایونٹ منعقد ہوا جس میں ایک جانب تو تمام چھ فرنچائز کے مالکان نے شرکت کی تو دوسری جانب ٹیم سے وابستہ تھنک ٹینک کے اراکین بھی شریک ہوئے۔ اس کاوش کا مقصد یہ تھا کہ سب سے بہترین اور متوازن ٹیم منتخب کی جائے تاکہ اسے کشمیر پریمیئر لیگ کا افتتاحی ٹائٹل عطا کیا جاسکے۔ شام 5:30 بجے ’ریڈ کارپٹ‘ تقریب شروع ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ان میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی، سینیٹر فیصل جاوید، کے پی ایل کے صدر عارف ملک، اور کے پی ایل کے سی ای او شہزاد چوہدری شامل تھے۔ اس کے علاہ لیجنڈری کھلاڑیوں میں وسیم اکرم ( نائب صدر، کے پی ایل)، شاہد آفریدی ( برانڈ ایمبیسڈر)، انضمام الحق، شعیب ملک، سعید اجمل، عمر گل، عمر امین اور عبدالرزاق نے بھی اپنی شمولیت سے اس تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ اس اہم موقع پر قابلِ احترام مہمانوں نے اپنے اپنے خیالات سے میڈیا کو آگاہ کیا اور اس اہم لیگ کے انعقاد پر اپنی گرم جوشی اور مسرت کا اظہار کیا جو دنیائے کرکٹ کی واحد لیگ ہے جہاں پہلی مرتبہ کشمیر کو نمائندگی دی گئی ہے۔ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کے پی ایل، تیمور علی خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح کشمیر کے نوجوان ٹیلنٹ کو لیگ کے ذریعے پوری دنیا میں روشناس کرایا جائے گا۔ کے پی ایل کے وائس پریذیڈنٹ وسیم اکرم تقریب کے پہلے مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے شرکا سے گفتگو کی، بعد ازاں ایک اور لیجنڈ کھلاڑی شاہد آفریدی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جو کے پی ایل کے برانڈ ایمبیسڈر بھی ہیں۔ دونوں عظیم کھلاڑیوں نے کے پی ایل کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اسے ایک ترقی یافتہ اور بہتر کشمیر کی جانب پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے کے پی ایل انتظامیہ کی اس اہم ایونٹ کے انعقاد کو بھی سراہا۔ سینیٹر فیصل خان اور پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ شہریار خان آفریدی نے بھی تمام منتظمین کو مبارک باد دی اور اسے کشمیر کے لیے ایک انقلابی عمل قرار دیا۔ دونوں حضرات نے نہ صرف کشمیر پریمیئر لیگ کی تائید کی بلکہ ہر قدم پر اسے حکومت کی جانب سے مستقل تعاون کا یقین بھی دلایا۔ اس کے فوراً بعد کھلاڑیوں کی نیلامی شروع ہوئی اور تمام فرنچائز مختلف کیٹگریز کے لیے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں مشغول رہے۔ ان زمروں میں اوورسیز، پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ شامل تھے۔ جبکہ کے پی ایل 2021 میں شامل ٹیموں کو راولا کوٹ ہاکس کے کپتان شاہد آفریدی، مظفر آباد کے کپتان محمد حفیظ ہیں۔ شعیب ملک شعیب ملک ہیں۔ کوٹلی لائنز کے کپتان فخر زمان مقرر کئے گئے، شاداب خان باغ اسٹالینس کے کپتان ہیں اور اوورسیز واریئر کے کپتان عماد وسیم ہیں۔آخر میں، اس اہم ڈرافٹ ایونٹ کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ کشمیر پریمیئر لوگ کو ہر طرح سے کامیاب بنایا جائے گا جو مظفر آباد میں 6 سے 17 اگست تک جاری رہے گی۔