Home/اہم خبریں/لاڑکانہ ڈویژن نے سندھ اسپورٹس بورڈ پاکستان باکسنگ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ کھلاڑی امن کے سفیر اور ملک کا نام روشن کرنے والے ہوتے ہیں۔ شفقت حسین مکانی
لاڑکانہ ڈویژن نے سندھ اسپورٹس بورڈ پاکستان باکسنگ ٹورنامنٹ جیت لیا۔ کھلاڑی امن کے سفیر اور ملک کا نام روشن کرنے والے ہوتے ہیں۔ شفقت حسین مکانی
لاڑکانہ (اسپورٹس رپورٹر) ڈویژنل اولمپک کمیٹی لاڑکانہ کے سیکریٹری شفقت حسین مکانی نے کہا ہے کہ کھلاڑی امن کے سفیر اور دنیا میں ملک کا نام روشن کرنے والے ہوتے ہیں ان کو چاہیے کہ اپنے کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم اور نظم و ضبط کا بھی پابند ہونا چاہیے۔ تاکہ وہ ایک مثالی کھلاڑی بن سکیں، وہ سندھ باکسنگ ایسوی ایشن کے زیر اہتمام محکمہ کھیل سندھ کے تعاون سے ڈریگون باکسنگ کلب میونسپل اسٹیڈیم لاڑکانہ میں ایک روزہ سندھ اسپورٹس بورڈ پاکستان باکسنگ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں تقسیم انعامات کے موقع پر کھلاڑیوں اور آفیشلز سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کے لاڑکانہ ڈویژن میں باکسنگ کھیل کے فروغ و ترقی کے لئے ہر ممکن مدد کی جائے گی، اور سیکریٹری محکمہ کھیل سندھ سید امتیاز علی شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے لاڑکانہ میں بھی اس طرح کے پروگرام رکھ کر ہمارے اور ہمارے باکسروں کی جو حوصلہ افزائی کی وہ قابل تحسین ہے۔ اس موقع پر پولیس ٹریننگ سینٹرل لاڑکانہ، کے ریزیڈینشل آفیسرجاوید احمد خان کھوڑو، ڈویژنل باکسنگ ایسوسی ایشن لاڑکانہ کے صدر اعجاز علی بلیدی، سیکریٹری عاشق علی شیخ و دیگر معززین موجود تھے، جبکہ ریفری ججز کے فرائض محمد رستم، عبدالمجید سومرو، شیر محمد، عقیل احمد، آصف بلوچ اور منور علی جبکہ چیف جیوری کے فرائض محمد یونس پٹھان نے انجام دیئے۔ اس سے قبل ایک روزہ ورک شاپ میں انٹر نیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے نئے قوانین اور ان کے اطلاق پر باکسروں، کھلاڑیوں اور والینٹروں کو لیکچر دیئے گئے۔ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ کی ٹیموں کے سینئر کلاس کے باکسروں نے حصہ لیا۔ اس سے قبل آرگنائزنگ کمیٹی عاشق علی شیخ نے مہمان خصوصی اور ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں اور باکسروں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی لاڑکانہ میں اس قسم کے پروگرام میں ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔ کل 20 مقابلے ہوئے، فائنل مقابلوں کے نتائج یہ ہیں: لاڑکانہ ڈیوژن نے 5 گولڈ لے کر پہلی، میرپور خاص ڈویژن نے 4 گولڈ کے ساتھ دوسری اور سکھر ڈویژن نے ایک گولڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 49 کلو گرا م میں بہاول لاڑکانہ نے طلحہ سیٹھی میرپور خاص کو 2-1سے۔ 52 کلو گرام میں مہراب لاڑکانہ نے ماجد علی میرپور خاص کو 2-1 سے۔ 56 کلو گرام میں ذیشان میرپورخاص نے ارسلان لاڑکانہ کو 2-1 سے۔ 60 کلو گرام میں عامر علی لاڑکانہ نے تنویر سکھر کو 3-0 سے۔ 64 کلو گرام میں نجات سکھر نے ذوالفقار لاڑکانہ کو 2-1 سے۔ 69 کلو گرام میں میرمرتضیٰ میرپور خاص نے عابد علی لاڑکانہ کو 3-0 سے۔ 75 کلو گرام میں سمیع اللہ میرپور خاص نے ارشد علی لاڑکانہ کو 2-1 سے ۔81 کلو گرام میں نوید لاڑکانہ نے سجاد سکھر کو 2-1 سے۔ 91 کلو گرام میں قمبر علی میرپور خاص نے نارائن سکھر کو 3-0 سے +91 کلو گرام میں یاسر جمیل سکھر نے عقیل علی لاڑکانہ کو 2-1 سے ہرا دیا۔ اس موقع پر شائقین باکسنگ کی بڑی تعداد موجود تھی۔