Home/اہم خبریں/دروش کے سیاحتی مقام شیشی پل کے قریب سہولت مرکز کا قیام۔ پٹرول پمپ میں سیاحوں اور مسافروں کیلئے تمام تر سہولیات میسر ہونگی۔ اسسٹنٹ کمشنر عبدالحق
دروش کے سیاحتی مقام شیشی پل کے قریب سہولت مرکز کا قیام۔ پٹرول پمپ میں سیاحوں اور مسافروں کیلئے تمام تر سہولیات میسر ہونگی۔ اسسٹنٹ کمشنر عبدالحق
چترال (رپورٹ: گل حماد فاروقی) لوئر چترال کی تحصیل دروش کے سیاحتی مقام شیشی پُل کے قریب سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ایک اور سہولت مرکز کا قیام۔ پاکستان سٹیٹ آئل کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا پٹرول پمپ آئی سی سی ٹو جس میں مسافروں اور سیاحوں کیلئے تمام تر سہولیات موجود ہیں۔ اس سلسلے میں شیشی پل کے قریب ایک پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالحق مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری جمال عبد الناصر نے حاصل کی جن کے والد مرحوم بلبل چترال کے نام سے مشہور تھے۔ اے سی دروش نے فیتہ کاٹتے ہوئے اس پٹرول پمپ اور فیسلیٹیشن مرکز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر سب ڈویژنل پولیس آفیسر دروش اجمل شاہ، پی ایس او اور سول انتظامیہ کے افسران، چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر اور پٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت علی خان، سیاسی و سماجی کارکنان، اور علاقے کے لوگوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ خطیب شاہی مسجد مولانا خلیق الزمان کے دعائیہ کلمات سے یہ تقریب احتتام پذیر ہوئی۔ احسان اللہ کنسٹرکشن کمپنی ٹو پراجیکٹ کے تحت اس پٹرول پمپ اور سہولت مرکز میں ڈرائیورز، مسافر، سیاح اور عام لوگوں یعنی سواریوں کیلئے قیام کرنے، بجلی کی سہوت جہاں موبائل فون چارج کرسکیں گے، خواتین اور مرد حضرات کے لئے الگ الگ وضو حانہ اور نماز پڑھنے کیلئے علیحدہ مساجد، جدید مشینری سے لیس سروس سٹیشن، آئل اکسچینج یعنی موبلین تبدیل کرنی کی سہولت اور ان مساجد کو جدید طریقے سے سردیوں میں گرم رکھنا اور گرمیوں میں ٹھنڈا رکھنے کی سہولت موجود ہوں گی۔ اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالحق نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ حکومت نے ایک معیاری پمپ کیلئے جو شرائط عائد کی ہیں وہ تمام سہولیات یہاں موجود ہیں اور مزید برآں یہاں جو بھی سیاح آئیں گے ان کو کھلی فضاء میں بیٹھنے کیلئے ایک پر فضا ماحول میسر ہوگا جن کو چوبیس گھنٹے بجلی میسر ہوگی جو اپنے موبائل فون وغیرہ چارج کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں اکثر پٹرول پمپ بہت پہلے بنائے گئے ہیں جہاں یہ سہولیات موجود نہیں ہیں اور ان تمام پمپوں کو ہم نے یہ ہدایت کی ہے کہ وہ بھی اپنے پمپوں میں یہ سہولیات فراہم کریں جو اس پٹرول پمپ میں موجود ہیں ورنہ ان پر جرمانہ لگایا جائے گا۔ خطیب شاہی مسجد خلیق الزمان نے کہا کہ چترال میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا پمپ ہے جہاں تمام تر سہولیات موجود ہیں اور ان کو دیکھ کر مجھے سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کی یاد تازہ ہوتی ہیں جہاں پٹرول پمپ میں جدید طرز کی مساجد موجود ہوتی ہیں جو تمام تر سہولیات سے لیس ہوتی ہیں۔ لیاقت علی خان نے بتایا کہ حاجی احسان اللہ نے جو یہ پمپ کھول دیا ہے یہ ایک نرالہ پمپ ہے جس میں تمام سہولیات موجود ہیں اور یہاں آنے والے مسافروں اور سیاحوں کو بھی اپنی طرف کھینچ لائیں گے جس سے چترال کی معیشت پر اچھے اثرات پڑیں گے۔ قاری جمال عبدالناصر نے بتایا کہ یہ پورے خیبر پحتونخوا میں اپنی نوعیت کا پہلا پمپ ہے جو کاروبار کرنے کی بجائے عوام کی خدمت کیلئے بنایا گیا ہے جہاں مسافروں کو تمام تر سہولیات میسر ہونگی۔ اور خاص کر یہاں جدید طرز کے خواتین اور مرد حضرات کیلئے جو علیحدہ مساجد بنائی گئی ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اس پمپ کی انتظامیہ کو چاہئے کہ یہاں کے لوگوں کو سستے یعنی کم قیمت پر تیل فراہم کریں تاکہ یہاں کے غریب لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے۔ آئی سی سی کے ڈائریکٹر ایڈمن خان بشر نے بتایا کہ ملک کے کسی بھی شہر سے چترال آتے ہوئے کسی بھی شہر میں کوئی ایسی جگہہ یا سہولت مرکز نہیں ہے جہاں مسافر اور سیاح اپنے اہل خانہ کے ساتھ کھلی فضاء میں بیٹھ کر کچھ دیر کیلئے سستائے اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوں۔ ہم نے اس پمپ کو کاروبار کے نقطہ نظر سے نہیں بلکہ خدمت خلق کیلئے کھولا ہے جہاں آنے والے تمام مسافر کو ہر سہولت میسر ہوںگی اور کھلی فضاء میں بیٹھ کر لطف اندوز ہوسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس فلنگ اسٹیشن میں مسافروں کو ہر قسم کی سہولت میسر ہوںگی اور مستقبل میں ہمارا ادارہ ہے کہ یہاں ایک ایسا ہسپتال تعمیر کرسکے جس میں لوگوں کو جدید طرز پر مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرسکے۔ پراجیکٹ انجنیر محمد یونس نے بتایا کہ اس فلنگ اسٹیشن اور سہولت مرکز کا مقصد پیسہ کمانا نہیں ہے بلکہ عوام کی خدمت کرنا ہے۔ پیسے کمانے کیلئے ہماری کمپنی کے پاس اور بھی کافی سارے منصوبے موجود ہیں مگر ہم نے اس سہولت مرکز کو 78 کنال پر تعمیر کیا جہاں تمام مسافروں کو ہر قسم کی سہولیات میسر ہوںگی اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ حکومت کی جانب سے جو پٹرول اور ڈیزل ملتا ہے اس پر ہم منافع نہیں لیں گے بلکہ وہ منافع ہم عوام پر خرچ کریں گے اور لوگوں کو سستے نرخ پر تیل میسر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ یہاں معیار اور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ یہاں تیل کا معیار بھی اعلیٰ ہوگا اور مقدار بھی پوری ہوگی۔ آخر میں یہ تقریب دعائیہ کلمات سے اختتام پذیر ہوئی جس میں تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور عوام نے آئی سی سی کمپنی کی اس کاوش کو نہایت سراہا۔