Home/اہم خبریں/عوام کے پر امن احتجاج کو پر تشدد بنانے میں پراپرٹی ٹائیکون خود ملوث ہے، تحقیقات کی جائیں۔ رفیق خاصخیلی وائس چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی
عوام کے پر امن احتجاج کو پر تشدد بنانے میں پراپرٹی ٹائیکون خود ملوث ہے، تحقیقات کی جائیں۔ رفیق خاصخیلی وائس چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی نے کہا ہے کہ سپر ہائی وے پر واقع بحریہ ٹاؤن کے باہر کئے جانے والے احتجاج کو پر تشدد بنانے میں طاقتور پراپرٹی ٹائیکون خود ملوث ہے، واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے۔ ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے قوانین میں اصلاحات لائی جائیں۔ ہاؤسنگ سوسائیٹیز کی جانب سے الاٹیز کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کو دور کرنے، میرٹ، قانون اور آئین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور انتظامی مشنری پر عزم ہو کر کام کریں۔ عوام کی جمع پونجیوں اور جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ چند روز قبل ہونے والا بم دھماکہ بھی اسی سازش کی ایک کڑی ہے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ بات اپنے پیش نظر رکھنا ہو گی کہ بم دھماکہ اور بحریہ ٹاؤن کے مرکزی گیٹ کو نظر آتش کئے جانے کے واقعات کے پس پردہ واقعی تخریب کاری ہے یا یہ حکومت سے ریلیف حاصل کرنے کی کوئی سازش تو نہیں؟ تمام حالات کی ذمہ دار حکومت سندھ ہے جس نے سارے معاملے سے جان بوجھ کر چشم پوشی اختیار کی ہوئی ہے۔ اب بھی اگر وزیر اعظم، چیف جسٹس آف پاکستان اور معزز عدلیہ نے نوٹس نہ لیا توایسے واقعات اور پراپرٹی ٹائیکونز کی لاقانونیت کو روکا نہیں جا سکے گا۔ رفیق خاصخیلی نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ ملک کی مصروف ترین شاہراہ سپر ہائی وے پر ہونے والا یہ پر تشدد واقعہ ملک کو مفلوج کرنے یا کسی لسانی اور منافرت پر مبنی مفادات کی ابتدا تو نہیں؟ عوامی شکایات کے مکمل ازالے کے لئے ہاؤسنگ سوسائیٹیز کا مکمل فرانزک آڈٹ کیا جائے۔ اعلی سطحی جوڈیشل کمیشن بٹھا کر جلد از جلد عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی نے مزید کہا کہ سندھ کے باشندوں کی زمینوں پر جبری قبضوں کے خلاف عوامی شعور بیدار ہو رہا ہے۔ ایک سازش کے تحت اس شعور کو پر تشدد بنایا جا رہا ہے۔ اس موقعہ پر انتظامیہ اور سیاسی جماعتیں ہوش کے ناخن لیں اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے الاٹیز کی جمع پونجی کو لٹنے سے بچائیں تاکہ ایسے واقعات کا اعادہ نا ہو سکے۔