نوشہرو فیروز (رپورٹ: محمدعلی ملک) نوشہرو فیروز میں 18 سال سے زائد عمر کی نصف آبادی کو آئندہ تین ماہ کے اندر ویکسین لگائی جائے گی اس بات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز کیپٹن ریٹائرڈ بلال شاہد راؤ نے آج ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک تمام بالغ افراد کو ویکسین نہیں لگتی ہم کووڈ کے پھیلاؤ کو کم نہیں کرسکتے۔ وہ آج سیکریٹری سندھ کے ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد اجلاس میں دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کرانے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی روشنی میں پی پی ایچ آئی، آئی ایس ایچ اور محکمہ صحت کے افسران سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ضلع کی نصف آبادی کو آئندہ تین ماہ میں ویکسین لگانے کا ہدف دیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ دیئے گئے اہداف کو پورا کریں۔ اس سلسلے میں آئندہ چند روز میں ضلع میں 15 موبائل ویکسین مرکز قائم کئے جائیں گے۔ اور ضلع میں مجموعی طور 10 ہزار افراد کو روزانہ ویکسین لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر چھوٹے بڑے شہروں میں ویسکین لگانے کا کام تیز کیا جارہا ہے۔ جس کے بعد تمام دیہات میں ٹیمیں بھیجی جائیں گی۔ اس موقع پر پی پی ایچ آئی کے ڈسٹرکٹ مینیجر نے اجلاس کو بتایا کہ آئندہ ہفتے 15 مزید مراکز کھول رہے ہیں جس کے لئے اسٹاف کو تربیت دی جارہی ہے جبکہ انٹرنیٹ کی سہولت ان مراکز پر پہلے ہی مہیا کردی گئی ہے۔ آئی ایس ایچ کے ڈسٹرکٹ سپورٹ مینیجر نے اجلاس کی بتایا کہ تمام بنیادی صحت مراکز میں ویکسین لگانے کا عمل پہلے سے ہی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام محکموں کے سربراہوں، تمام بینکوں تمام فیکٹریوں، کاروباری اداروں کو ہدایات دی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو فوری طور پر ویکسین کرائیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سید علی احمد شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد موسیٰ گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سکندر علی عباسی اور کورونا مہم کو فوکل پرسن ڈاکٹر ساجن داس اور دیگر افسران موجود تھے۔