کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلیم الزماں نے کہا ہے کہ کورونا وباء اور دیگر عوامل کے پیش نظر معیشت اور عوام کی بہتری کے لیے حکومت آئندہ بجٹ میں اپنے اخراجات کم سے کم رکھے۔ انہوں نے وزیر خزانہ شوکت ترین کے بیان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے موجودہ ٹیکس میں اضافہ کی جگہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کا عندیہ دیا۔ سلیم الزماں نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی مشکلات کے موقع پر ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنا ناگزیر ہے۔ موجودہ ٹیکس ادا کرنے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی جگہ جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے ان کو شامل کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں حکومت خاص طور پر غیر ترقیاتی اخراجات کو کم ترین سطح پر لائے، موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ بجٹ عوام اور تاجر دوست ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کی جانب سے بجٹ کا بڑا حصہ عوام کی فلاح و بہبود، بے روزگاری کے خاتمے اور ترجیحی بنیادوں پر صحت و تعلیم کے شعبوں میں استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ صنعتکار برادری اور بزنس کمیونٹی مسلسل اس بات پر زور دیتی چلی آرہی ہے کہ پیداواری لاگت میں کمی کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، حکومت ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے نئی پالیسیاں متعارف کرائے اور مزید کسی نئے ٹیکس کو لاگو کرنے سے پرہیز کرے اس کے علاوہ بجٹ میں انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور ایکسائز میں کمی کیلئے ضروری قانون سازی کی جائے کیونکہ مہنگائی میں پسی عوام مزید اضافی بوجھ کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ سلیم الزماں نے کہا کہ حکومت معاشی اعشاریے کو بہتر کرنے کے لئے طویل اور قلیل مدتی منصوبوں اور مثبت پالیسیوں کو روشناس کرائے تاکہ برآمدات میں اضافہ، بیروزگاری میں کمی اور ملک میں معاشی خوشحالی میں تیزی رونما ہو۔ صدر کاٹی نے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صنعتوں اور عوام کو سستی بجلی اور گیس کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کرے گی۔