تازہ ترین
Home / اہم خبریں / وزیر ہوا بازی نے غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر ملک اور پی آئی اے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور

وزیر ہوا بازی نے غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر ملک اور پی آئی اے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ تمام وزارتوں سے کالی بھیڑوں کا خاتمہ کیا جائے۔ ایک طرف پائلٹس کا اسکینڈل کھڑا کرکے ملک اور پی آئی اے کی ساکھ کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا تو دوسری طرف پٹرول کی قیمت اچانک 33 فیصد بڑھا کر ملٹی نیشنل کمپنیوں کو فائدہ اور حکومت کی ملکیت پٹرولیم کمپنی پی ایس او کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔ کیا اس وقت ملک پر ذاتی منافع خوروں اور عوام مفادات کا قتل عام کرنے والوں کی حکومت ہے؟ یہ مافیائیں الیکشن میں ہر پارٹی پر پیسے لگاتی ہیں اور وقت آنے پر فصل کاٹتی ہیں۔ کویت ائیر لائن نے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے بیان کے بعد پاکستانی پائلٹس اور انجینئرز کو گراؤنڈ کر دیا ہے۔ وزیر اعظم اس غیر مناسب اور غیر ذمہ دارانہ بیان پر وزیر ہوا بازی سے نہ صرف جواب طلبی کریں بلکہ سخت سرزنش کریں۔ بین الاقوامی میڈیا میں پاکستان کی بدنامی ہورہی ہے۔ حکومت مافیاؤں کے آگے بے بس نہیں ہے بلکہ عوام کو مافیاؤں کے سامنے بے بس کر دیا گیا ہے اور ایسا لگ رہا ہے جیسے ہر سطح پر مافیائیں حکومت کر رہی ہیں۔ بجلی، پانی، گیس، آٹا، چینی، تیل، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، رئیل اسٹیٹ غرضیکہ پاکستان کا ہر شعبہ مافیاؤں کی لپیٹ اور قبضے میں ہے۔ کیا عوام ان مافیاؤں کا پیٹ بھرنے کے لئے پیسہ کماتی ہے اور قومی خزانے کو ٹیکسوں سے بھرتی ہے؟ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق الطاف شکور نے مزید کہا کہ عملی طور پاکستان کے آئین کو معطل کر کے مافیائیں اپنے غیر تحریر شدہ قانون کے مطابق ملک چلا رہی ہیں۔ جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ عام پاکستانی کو کسی ریاستی ادارے سے ریلیف نہیں مل رہا ہے۔ بنیادی سہولتیں، انصاف اور تحفظ ہر شہری کا بنیادی حق ہے مگر کیا اس کا حصول عام شہری کیلئے ممکن ہے؟ یورپ میں کسی فرد کے ساتھ کوئی زیادتی ہو جائے تو اسے اپنے ملک کے جسٹس سسٹم پر اتنا اعتماد ہوتا ہے کہ وہ کہتا ہے کہ میں تمہیں عدالت میں دیکھ لوں گا لیکن پاکستان کا عام شہری زندگی بھر عدالتوں کے چکر لگاتا رہتا ہے جبکہ خاص شہری اپنی دولت کے بل بوتے پر منہ مانگے دام دے کر انصاف خرید لیتا ہے اور اتوار کے روز بھی عدالت لگوا لیتا ہے۔ جب تک ملک میں نظام عدل درست نہیں ہوگا مافیائیں اسی طرح پھلتی پھولتی رہیں گی۔ اب وقت آگیا ہے کہ عدلیہ، سیکیورٹی ادارے، پارلیمان اور نوکر شاہی میں کرپشن کے خاتمے کے لئے ریاست طاقت کا اظہار کرے۔

 

یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: لوئر چترال میں دو سگی بہنیں دریائے چترال کے کنارے پھتروں کے اوپر کھیلتے ہوۓ پاؤں پھسل جانے سے دریا میں گرنے سے جانبحق
https://www.nopnewstv.com/two-real-sisters-slipped/ ‎

About admin

یہ بھی پڑھیں

محرم الحرام کے دوران امن، بین المسالک ہم آہنگی اور شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، محمد احسن ناغڑ

حیدرآباد، (اسٹاف رپورٹر) استحکام پاکستان آرگنائزیشن (آئی ایس پی او) کے چیئرمین محمد احسن ناغڑ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے