Home / اہم خبریں / نیپا پر واقع سرکاری ہسپتال کی عمارت کو ہنگامی کورونا وائرس ہسپتال بنایا جائے۔ الطاف شکور کا حکام بالا کو خط

نیپا پر واقع سرکاری ہسپتال کی عمارت کو ہنگامی کورونا وائرس ہسپتال بنایا جائے۔ الطاف شکور کا حکام بالا کو خط

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے نیپا چورنگی پر واقع  400 بستروں پر مشتمل غیر فعال سرکاری ہسپتال کی عمارت کو فوری طور پر کورونا وائرس کے علاج معالجے کے لئے ہنگامی طور پر استعمال میں لانے کے لئے صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، چیئرمین این ڈی ایم اے سمیت سندھ کے وزیر اعلی، گورنر، وزیر صحت، چیف سیکریٹری، کمشنر کراچی اور میئر کراچی کو خطوط ارسال کر دیئے ہیں۔ میگا سٹی کراچی میں علاج معالجے اور طبی سہولیات کے فقدان اور کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر صرف تین بڑے سرکاری جناح ہسپتال، سول ہسپتال اور عباسی شہید ہسپتال ناکافی ہیں۔ پاسبان کے چیئرمین الطاف شکور نے لکھے گئے خط میں وزیر اعظم اور تمام حکام بالا سے مزید کہا ہے کہ روز بروز کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر جب حکام تعلیمی درسگاہوں، فلیٹوں، اپارٹمنٹس یہانتکہ ہوٹلوں کو بھی بُک کر کے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ہسپتالوں میں تبدیل کر رہے ہیں، میگا سٹی کراچی میں نیپا چورنگی پر واقع ہسپتال کی انتہائی موزوں ترین عمارت کو کیوں نظر انداز کیا جارہا ہے؟ الطاف شکور نے اپنے خط میں حکام بالا کی توجہ اس خالی عمارت کی جانب دلاتے ہوئے کہا کہ کراچی میں نیپا پر واقع سرکاری ہسپتال کی تیار عمارت کورونا وائرس کے علاج معالجے کے لئے مثالی جگہ ہے لیکن حکومتی منصوبہ سازوں نے اس کی طرف سے دیدہ ودانستہ چشم پوشی اختیار کی ہوئی ہیں، جو ایک سازش اور کرپشن کے سوا کچھ نہیں ہے۔ اس مصیبت کی گھڑی میں جب کہ کراچی جیسے بڑی آبادی والے شہر کو طبی سہولیات اور درجنوں بڑے ہسپتالوں کی بیحد ضرورت ہے، سالوں سے بیکار اور مختلف تجربات کی ستم ظریفی کا شکار یہ عمارت فوری طور پرکورونا کے مریضوں اور متاثرین کے علاج کے لئے بہترین ہسپتال ثابت ہوگی۔ الطاف شکور نے کہا کہ پاسبان کی حکام بالا سے درخواست ہے کہ اس عمارت کو 400 بستروں کے ساتھ تیار کر کے فوری ہسپتال کا درجہ دیا جائے اوراس کا نظم و نسق سنبھالنے کی ذمہ داری پاک فوج، انڈس ہسپتال یا سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن جیسے اداروں کے سپرد کی جائے۔ وومن لائبریری کے قیام کی خاطر تیار کی جانے والی یہ عمارت کئی سالوں سے کبھی لائبریری، کبھی آرتھوپیڈک سینٹر اور کبھی امراض قلب کے علاج کے لئے مختص کی گئی لیکن ارد گرد موجود چند مہنگے نجی ہسپتالوں کے بزنس کی خاطر اسے کبھی استعمال ہی میں نہیں لانے دیا گیا۔ عوامی مفادات پر کلہاڑا چلانے کا یہ عمل بدعنوان عناصر کی کارستانیاں ہیں اور یہ کیس نیب کے دائرہ اختیار میں آتا ہے اس پر فوری ایکشن لئے جانے کے احکامات دیئے جانے چاہئیں۔ الطاف شکور نے اپنے خط میں عدالت عظمی اور عدالت عالیہ سے درخواست کی ہے کہ چونکہ وہ شہریوں کے بنیادی صحت اور زندگی کے حقوق کی نگراں ہیں اس لئے اگر ریاست اور دیگر سرکاری ادارے اس جانب توجہ نہ دیں تو وسیع قومی مفاد کی خاطرعدالت اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اس عمارت کو ہسپتال کا درجہ دینے کے احکامات جاری کرے۔

 

یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: ڈاکٹر قوم کا اثاثہ ہیں، ڈاکٹروں کو مریض کی دیکھ بھال کے ساتھ اپنے آپ کو بھی کورونا وائرس سے بچانا چاہئے۔ ڈویژنل کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ
https://www.nopnewstv.com/doctors-are-an-asset-to-the-nation/

 

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے