ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ڈیرہ اسماعیل خان عبدالحئی خان بابڑ نے محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ اسماعیل خان کی دو ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران بدعنوان عناصر کیخلاف دو مقدمات درج کئے گئے ہیں اور ان مقدمات میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ 50 اوپن انکوائریوں / شکایات کی تکمیل کی گئی اور مبلغ 20 لاکھ روپے جو مختلف محکمہ جات نے خرد برد کئے تھے انکی ریکوری کراکے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے ہیں۔ اسی طرح بالمیکی/ اقلیتی برادری کے قبرستان کی کروڑوں روپے کی مالیت کی قیمتی اراضی بھی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی ہے جبکہ اقلیتی برادری کی اراضی کی خرد برد میں ملوث سرکاری اہلکاروں کیخلاف مقدمہ کا اندراج بھی کیا گیا اور اس ضمن میں گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ محکمہ زراعت میں لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی ہیوی مشینری بھی بااثر قبضہ مافیا سے واگزار کراکے اس حوالے سے انکوائری تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کی آڈٹ اور انجینئرنگ ٹیموں نے ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے اضلاع میں مختلف سرکاری محکموں کی ترقیاتی سکیموں اور ریکارڈز کی جانچ پڑتال کی جن کی رپورٹس کی روشنی میں بدعنوان عناصر کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ادھر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا عثمان زمان نے اینٹی کرپشن ڈیرہ ڈویژن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کرپٹ مافیا کیخلاف موثر مہم جاری رکھنے اور کرپشن و خرد برد میں ملوث بدعنوان عناصر کیخلاف مقدمات درج کرنے اور گرفتاریاں بھی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔
![]()