کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اورعافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے جماعت اسلامی کے بزرگ رہنما اور سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان مرحوم کے صاحبزادوں ندیم اقبال، وسیم اقبال، عاصم اقبال اور ناظم اقبال سے ان کے گھر جا کر اظہار تعزیت، مرحوم کی مغفرت اور تمام اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اس موقع پر سماجی رہنما انجینئر وسیم فاروقی اور الخدمت کے راشد قریشی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ نعمت اللہ صاحب نے ہمیشہ مجھے اور عافیہ کو بیٹیوں کا درجہ دیا۔ عافیہ کاز کیلئے ان کی حمایت ہم سب اہلخانہ کیلئے حوصلہ بلند کرنے کا باعث بنتی تھی، انہوں نے بحیثیت سٹی ناظم اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا اور کراچی کی نمائندگی کا صحیح معنوں میں حق ادا کیا۔ ان کی عافیہ، کراچی اور تھر کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کی دینی و سماجی خدمات کو آخرت میں بلندی درجات کا ذریعہ بنائے۔
![]()