میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) میرپورخاص شہر کو 12 انچ کی نئی گیس لائن کی فراہمی کی افتتاحی تقریب کے موقع ہر صوبائی وزير ہری رام کشوری لال نے کہا کہ 35 سال قبل میرپورخاص شہر کو 8 قطر انچ لائن سے گيس کی فراہمی کا منصوبہ دیا گیا تھا جوکہ آج کی آبادی کے لئے ناکافی تھا جس کے باعث شہری گيس کی لوڈ شيڈنگ اور پريشر کی کمی سے سخت پريشانی کا سامنا کر رہے تھے، گيس پائپ لائن کا 12″ قطر انچ اپ گریڈیشن سے ميرپورخاص، نوکوٹ اور اسکے قریبی علاقوں میں گيس کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی کی اپ گریڈیشن میرپورخاص کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی درخواست پر سابق صدر آصف علی زرداری نے 2013 میں خصوصی طور ميرپورخاص کے لئے گيس پائپ لائن کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی تھی، جس پر 2013 میں کام کا آغاز کر دیا گیا تھا لیکن پيپلز پارٹی کی حکومت کی مدت مکمل ہونے کے بعد یہ اسکیم تاخیر کا شکار ہوگئی۔ 7 سال کے بعد سخت مشکلات کے باوجود پایہ تکمیل تک پہنچا ہے، منصوبہ کی تکمیل سے میرپورخاص سمیت ٹنڈوالہیار میں گیس کی فراہمی بہتر ہو جائے گی اور اور رات بارہ بجے سے اپ گریڈیڈ پائپ لائن سے گیس کی فراہمی کا آغاز ہوجائے گا۔ صوبائی وزیر ہری رام کشوری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خدمت میں یقین رکھتی ہے، عوام کے مسائل حل کرنا میری زندگی کا مشن ہے۔ ميرپورخاص کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ آج پورا کیا ہے، ترقی و خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ميرپورخاص میں بلک واٹر سپلائی اور نکاسی آب کے میگا پروجیکٹ، سڑکوں کی تعمیر کے بعد گیس پائپ لائن کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ پیپلز پارٹی کا میرپورخاص کے شہریوں کے لئے تحفہ ہے۔ صوبائی وزير ہری رام کشوری لال نے کہا کہ سندھ حکومت نے میرپورخاص میں میگا پروجیکٹ مکمل کئے ہیں جلد ميرپورخاص کا شمار ملک کے جدید اور اہم شہروں میں ہوگا۔ اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران عبدالرشید لغاری ريجنل مینيجر حيدرآباد، زونل مینیجر میرپورخاص کبیر بیگ لغاری، زونل مینیجر ٹنڈو الہیار سلیم نوندانی، ڈپٹی.چیف اشوک کمار اور دیگر سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران موجود تھے۔
![]()