کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے پوری پاکستانی قوم اور پاسبان کی جانب سے ترکی کے صدر طیب اردگان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام عالم میں مسلمانوں کے خلاف سازشوں کا توڑ کرنے کے لئے مسلم ممالک کے درمیان حقیقی محبت اور اخوت کا جذبہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ترک صدر کے دورہ پاکستان سے، پاکستان اور دنیا بھر کے مسلم ممالک کے عوام کو وسیع تر مقاصد کے لئے متحد ہونے کا پیغام جائے گا۔ پاکستان کی سرزمین پر ترک صدر کا دورہ پاکستان بروقت اور خوش آئند ہے۔ کشمیر کاز کے لئے پاکستان کے موقف سے ہم آہنگی کا بیان دے کر انہوں نے پاکستانی قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ بھارت میں نئے شہریت بل کے بعد مودی حکومت کے ظلم ستم سہنے والے مسلمانوں اور مظلوم کشمیریوں کو صدر طیب اردگان کے بیان سے نیا عزم و حوصلہ ملا ہے۔ ترکی ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیتا ہے امید کرتے ہیں کہ ترکی کے صدر 17 سالوں سے امریکی جیل میں قید بے گناہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں جگہ جگہ مسلمانوں کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، ترکی، پاکستان اور ملائیشیا سمیت تمام مسلم ممالک کو آپس میں بھائی چارگی، محبت، اخوت اور خوشگوار تعلقات استوار کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ نے مسلم امہ کو مایوس کیا ہے۔ مسلم دنیا کے مسائل کی طرف بے حسی کی وجہ سے فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ پرانا اور پیچیدہ ہو گیا ہے۔ خون مسلم کی ارزانی پر اقوام متحدہ کی خاموشی مایوس کن ہے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں الطاف شکور نے مزید کہا کہ برادر اسلامی ملک ترکی کے عوام پاکستانی عوام کے دل کے قریب ہیں۔ ان کے دکھ سکھ یکساں ہیں۔ دونوں ممالک مشترکہ مذہب، ثقافت اور اقدار کے حامل ہیں۔ ترکی نے جس طرح 2005 کے زلزلے کے بعد پاکستان کی مدد کی تھی وہ ناقابل فراموش ہے۔ پاکستانی عوام نے بھی ترک تحریک آزادی میں ترکی حکومت اور عوام کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ دونوں ممالک کی بے لوث دوستی بے مثال ہے۔ پاکستان ترکی کے ساتھ ہر طرح کے تعلقات مزید بہتر کرنے کا خواہاں ہیں۔ ترکی اور پاکستان سماجی اور عوامی بہبود کے کاموں میں ہمیشہ ایک دوسرے کے معاون رہے ہیں۔ دونوں ممالک مل کر عالم اسلام کو متحد اور بیدار کرنے کی ہر ممکن کوششیں کریں گے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے شام، فلسطین، قبرص اور کشمیر کے مسلمانوں کی حالت زار پر مجرمانہ خاموشی اور بے حسی مایوس کن ہے۔ ان ممالک میں مظلوم اور بے گناہ مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی امن کی تنظیمیں چپ سادھے ہوئے ہیں۔ اب مسلم ممالک کو آپس میں متحد ہو کر پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل کی آواز بننا ہو گا اور ان کے حقوق اور انصاف کے لئے پرزور آواز بلند کرنی ہوگی، یہی وقت کی ضرورت ہے۔ بیرونی طاغوتی طاقتیں مسلمانوں کو مٹانے کے درپے ہیں۔ ایسے وقت میں مظلوم مسلمانوں کا ساتھ دینا پاکستان، ترکی، ملائیشیا اور سعودی عرب سمیت تمام مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے۔ الطاف شکور نے امید ظاہر کی کہ صدر طیب اردگان پاکستان اور دیگر مسلم ممالک کے ساتھ ملکر دنیائے عالم میں اسلام کا جھنڈا اونچا کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر مسلم امہ کے اتحاد اور بہتری کے لئے ترک حکومت اور ترک عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دنیا کے تمام مسلمانوں کی آزادی کی جنگ میں ساتھ دینے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
![]()