راجن پور (رپورٹ: قاضی انعام باری) اسلام امن و آشتی کا مذہب و مرکز ہے اسلام نے انسانوں کو تمام تر حقوق عطا کیے جس سے انسان کی عظمت واضح ہوئی ہمیں اپنی زندگی کے تمام تر معاملات میں محسن انسانیت نبی اکرم ؐ کے اسوہ حسنہ کے مطابق گزار کر توشہ آخرت بنائیں ملک میں شریعت کے نفاذ سے ہی ہم چوری، ڈاکہ زنی، مہنگائی، توانائی بحران و دیگر مسائل سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معروف مذہبی شخصیت مولانا محمد فہد خان کھوسہ نے معروف کاروباری شخصیت چاند خان سونترہ کی طرف سے دیے گئے عشائیہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم مسلمان اسلامی تعلیمات سے دوری و عدم پیروی کے سبب مختلف مسائل و بحرانوں سے گھِرے ہوئے ہیں جن سے چھٹکارا حاصل نہ کیا گیا تو ہم مزید ان مسائل میں گھستے چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے انسان کو زندگی گزارنے کے تمام اصول بتا دیے ہیں جن پر عمل کرکے ہم اپنی زندگی و آخرت دونوں سنوار سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کی اساس ہے جس میں تبدیلی ہرگز برداشت نہیں کی جا سکتی نہ ہی کرنے کا موقع دیا جا ئے گا۔ اس موقع پر گل محمد خان کنڈی، اشرف خان کنڈی، حاجی میاں نورالٰہی، مہار سیف اللہ، مولانا قاضی انعام باری، مفتی محمد عمر خان گورمانی، ابرار حسین قریشی، سردار جاوید خان کھوسہ، سردار فصیح الدین خان کھوسہ، سید ابوبکر شاہ سمیت دیگر موجود تھے۔
![]()