Home / اہم خبریں / آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ، کوارٹر فائنل سے قبل پاکستان کی تیاریاں مکمل، ٹیم نے افغانستان کے خلاف میچ میں جیت کے لیے حکمت عملی تیار کرلی۔ کپتان روحیل نذیر

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ، کوارٹر فائنل سے قبل پاکستان کی تیاریاں مکمل، ٹیم نے افغانستان کے خلاف میچ میں جیت کے لیے حکمت عملی تیار کرلی۔ کپتان روحیل نذیر

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان اور افغانستان کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان کوارٹر فائنل میچ 31 جنوری بروز جمعہ کو بینونی میں کھیلا جائے گا۔ اہم میچ میں جیت کے لیے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 2 مرتبہ کی چیمپئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا آخری گروپ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے بعد قومی انڈر 19 اسکواڈ نے 2 روز آرام کرنے کے بعد مسلسل 3 روز بھرپورٹریننگ کی۔ اس دوران قومی انڈر 19 اسکواڈ کے رکن عبدالواحد بنگلزئی ٹریننگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔ ایڑھی مڑنے کے باعث عبدالواحد بنگلزئی نے 2 روز آرام کرنے کے بعد جمعرات کے روز ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا تاہم افغانستان کے خلاف کوارٹرفائنل میچ میں عبدالواحد بنگلزئی کی شرکت کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔ اس موقع پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر افغانستان کے خلاف کوارٹر فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ روحیل نذیر اہم میچ میں اپنی کارکردگی کی بنیادپر ٹیم کو فتحیاب بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کا کہنا ہےکہ میگا ایونٹ میں شریک افغانستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم بہتر ہے مگر پاکستان انڈر 19 ٹیم 31 جنوری کو شیڈول مقابلے کے لیے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینونی میں موجود قومی انڈر 19 اسکواڈ گذشتہ تین روز سے سخت محنت کررہا ہے۔ روحیل نذیر نے کہا کہ وہ ایونٹ میں زمباوے کے خلاف گروپ میچ میں بہتر کارکردگی پیش نہ کرنے کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور کپتان وہ کوارٹر فائنل میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف میچ مارو یا مرجاؤ کی حکمت عملی کے تحت کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوں جوں ایونٹ آگے بڑھ رہا ہے توں توں ان پراور حیدر علی پر ذمہ داری بھی بڑھتی جاری رہی ہے۔ روحیل نذیر نے کہا کہ وہ گذشتہ تین روز سے پریکٹس سیشن میں اپنی بیٹنگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، امید ہے وہ افغانستان کے خلاف شاندارکارکردگی دکھا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔ روحیل نذیر نے کہا کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، گروپ میچ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کا ذمہ داری سنبھالنا خوش آئند تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے فاسٹ باؤلرز بہترین فارم میں ہیں۔ روحیل نذیر نے کہا کہ طاہر حسین، محمد عرفان اور عباس آفریدی کے علاوہ اسپنر عامر علی بھی نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں جو آئندہ میچ میں جیت کا سبب بنیں گے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

عائشہ ظفر کی تاریخی سنچری، پاکستان ویمنز نے زمبابوے کو ریکارڈ مارجن سے شکست دے دی

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے