کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) عمان کی ہاکی ٹیم 16 جنوری کو کراچی آئیگی، پاکستان ویٹرنز ہاکی کلب سے تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلے گی، 4 جنوری سے آل پاکستان ویٹرنز ہاکی لیگ اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ اکیڈمی میں شروع ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار اولمپئن اصلاح الدین صدیقی نے الکرم ٹاول انڈسٹریز کے سی ای او مہتاب الدین چاؤلہ کے ہمراہ گزشتہ روز اپنے اور ڈاکٹر ایم اے شاہ کے نام سے منسوب اکیڈمی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، اس موقع پر اولمپئن ایاز محمود اور اولمپئن سید سمیر حسین بھی موجود تھے۔ اولمپئین اصلاح الدین نے کہا کہ عمان کیخلاف سیریز کے میچز 18 ، 20 اور 22 جنوری کو برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے جائینگے تمام میچز کا انعقاد اولمپئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ اکیڈمی میں ہوگا، عمان کی ٹیم دور حاضر کی ہر سہولیات سے آراستہ ہماری اکیڈمی کے ہاسٹل میں قیام کریگی، پاکستان میں قیام کے تمام اخراجات الکرم ٹاول انڈسٹریز برداشت کریگی انہوں نے کہا کہ سیریز کے انعقاد کے حوالے سے ہاکی فیڈریشن کا تعاون حاصل ہے، عارف صدیقی کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے، اولمپئین اصلاح الدین نے کہا کہ ہم بہت جلد ایشین ٹیموں پر مشتمل انٹرنیشنل ماسٹرز ہاکی ٹورنامنٹ بھی منعقد کرینگے، غیر ملکی ٹیموں کی آمد سے ملک میں کھیل کو فروغ حاصل ہوگا اور پوری دنیا میں مثبت تاثر جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ 4 جنوری سے دوسری آل پاکستان ویٹرنز ہاکی لیگ بھی شروع ہورہی ہے جس میں 16 ٹیمیں شرکت کرینگی تمام میچز فلڈ لائٹس میں کھیلے جائینگے ایونٹ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کو کٹس بھی فراہم کی جائیگی ، سات ہی انہوں نے 18 ٹیموں پر مشتمل آل کراچی انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ کرانے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر مہتاب الدین چاؤلہ نے کہا کہ اولمپئین اصلاح الدین اکیڈمی میں سہولیات دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں اب قومی کھیل کا ہاتھ تھام لیا ہے، قومی کھیل میں ہمارا شاندار ماضی رہا ہے ہاکی کو اسکے اصل مقام پر دیکھنا چاہتا ہوں اور اسکے لئے ہمارا تعاون اولمپئین اصلاح الدین کیساتھ ہے اور مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
![]()