بٹگرام (رپورٹ: عتیق سلیمانی) ضلعی انتظامیہ بٹگرام کے زیر اہتمام پہلی بار گورنمنٹ سینٹینیل ماڈل ہائی سکول بٹگرام میں بین اللسانی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔ اردو، پشتو، گوجری، ہندکو، شینا اور کوہستانی زبان کے نامور شعراء و ادیبوں نے مشاعرے میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر بٹگرام سید محمد فرالثقلین کی خصوصی دلچسپی پر ضلعی انتظامیہ نے تاریخ میں پہلی بار بین اللسانی معاشرے کا اہتمام کیا، جس میں ہزارہ بھر سے اردو، پشتو، ہندکو، گجری، کوہستانی زبان کے نامور شعراء و ادیبوں نے شرکت کی مشاعرے میں شعراء نے اپنے اپنے کلام پیش کرتے ہوئے حاضرین محفل سے خوب داد وصول کی۔ شعراء نے اپنی تقاریر میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر سید محمد فرالثقلین کو یہ اعزاز حاصل ہوگیا ہے کہ انھوں نے بٹگرام کی تاریخ میں پہلی بار بین اللسانی مشاعرے کا اہتمام کیا اور پروگرام کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید محمد فرالثقلین نے کہا کہ بین اللسانی مشاعرے کے انعقاد کا مقصد جملہ زبانوں کو دوام دینے کیلئے ایک کوشش ہے، اگر ہزارہ میں بولی جانے والی دیگر زبانوں کو ترجیح نہیں دی گئی تو مستقبل میں ان زبانوں کے ختم ہوجانے کا خدشہ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ بٹگرام آئندہ کیلئے بھی ایسی تقاریب کااہتمام کریگی اور ادب کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیئے جائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام نے شعراء میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔
![]()