میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) ڈائریکٹر انسپیکشن اینڈ ایڈمن شہید بینظیر ہاؤسنگ سیل سندھ میڈم امبرین انصاری نے بتایا کہ کل میرپورخاص کی چار تحصیلوں تحصیل میرپورخاص، کوٹ غلام محمد، شجاع آباد اور حسین بخش مری میں شہید بینظیر بھٹو ہاؤسنگ اسکیم کے تحت تعمیر ہونے والے 119 مکانات انتہائی غریب اور بے گھر افراد کو مکانات کے مالکانہ حقوق کے سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ فار بینظیر بھٹو شہید ہاؤسنگ اسکیم نواب وسان اجرک ہال میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔ میڈم امبرین نے ایوان صحافت میرپورخاص کی ٹیم کو بتایا کہ سندھ بھر کے دیہی علاقوں میں اسکیم کے تحت فیز ٹو میں چھ ہزار مکانات کے مالکانہ حقوق کے سرٹیفکیٹس دیے جاچکے ہیں جبکہ فیز تھری میں چھ ہزار مکانات میں تین ہزار مکانات کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد مالکانہ حقوق کے سرٹیفکیٹس دیے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میرپورخاص ضلعے کے فیز ٹو میں میرپورخاص میں تین سو مکانات شامل تھے جبکہ فیز تھری میں 119 مکانات شامل ہیں جن کے مالکان حقوق کے سرٹیفکیٹس کل دیے جائیں گے۔
![]()