تازہ ترین
Home / اہم خبریں / آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ اللہ نے چاہا تو کراچی کا اگلا میئر پاسبان کا ہوگا۔ الطاف شکور

آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ اللہ نے چاہا تو کراچی کا اگلا میئر پاسبان کا ہوگا۔ الطاف شکور

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ جب تک ایک عام آدمی، مزدور، ہاری اور کسان اسمبلیوں میں نہیں جائے گا، ہمارا ملک ترقی نہیں کر سکتا نہ ہی حقیقی تبدیلی آسکتی ہے۔ جب تک جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار اسمبلیوں سے باہر نکال کے پھینک نہیں دئے جاتے عام آدمی کبھی اسمبلیوں تک نہیں پہنچ سکتا۔ صرف چہرے بدلنے سے نظام نہیں بدلا کرتے۔ دوہری شہریت رکھنے والے سرکاری ملازمین سے ایک شہریت واپس لی جائے یا ان کو فارغ کیا جائے۔ مہنگائی سے بدحال عوام نے پاسبان مہنگائی کنونشن میں شرکت کر کے ہاتھ اٹھا کر مہنگائی کے خلاف تحریک کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی ملک کا ستر فیصد ریونیو دیتا ہے لیکن کراچی کے لوگوں کو پینے کا پانی تک میسر نہیں۔ ٹوٹی سڑکیں، گردو غبار، خستہ حال انفرا اسٹرکچر کراچی کا مقدر بنا دیا گیا ہے۔ تعصب نے کراچی کو اجاڑا ہے۔ پاسبان ان زخموں پر مرہم رکھے گی۔ نسل، رنگ، زبان، مسلک، مذہب اور دیگر حوالوں سے لوگوں کی تفریق اس ظلم کے نظام کو قائم رکھنے والوں کا حربہ ہے۔ ملکی اشرافیہ نہیں چاہتی کہ عوام متحد ہوں، یہ ہمیں آپس میں بانٹ دیتے ہیں اور پھر ایک ایک کر کے شکار کرتے ہیں۔ جب تک مظلوم ہاری، کسان ایک پلیٹ فارم پر متحد نہیں ہو جاتے ملکی اشرافیہ کی حکمرانی جاری رہے گی۔ وہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کے سامنے مہنگائی کنونشن کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد، جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار، کورنگی کے صدر کلیم اللہ، عمیر صدیقی، زبیر، صدر الآصف اسکوائر سعیداللہ، عتیق االرحمن، عبدالقیوم، فضل ربی خان و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الطاف شکور نے کہا کہ اس تعفن زدہ، بدبو دار اور گلے سڑے سیاسی ماحول میں پاسبان روشنی اور امید کی کرن ہے جو ہمیشہ ظلم کے خلاف عوام کے حق میں آواز بلند کرتی رہی ہے اور عوام کے حقوق کی جدو جہد کی جنگ لڑتی رہے گی۔ پاسبان اس روایتی سیاست کے تابوت میں پہلی اور آخری کیل ثابت ہوگی۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی عوام کی بدحالی پر خاموش نہیں رہے گی۔ غریب عوام، ہاری، کسان اور مزدور کی آواز اسمبلیوں اور اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے کے لئے آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ اللہ نے چاہا تو کراچی کا اگلا میئر پاسبان کا ہوگا۔ الطاف شکور نے مزید کہا کہ ہر طرف مہنگائی کا طوفان ہے اور اس ہوشربا مہنگائی کی اصل وجہ کرپشن مافیا اور سیاسی اور انتظامی امور میں بددیانتی و ناقص حکمت عملی ہے۔ چینی، انڈے اور مرغی کا کاروبار کرنے والے سیاستدان اور 23 ہزار سے زائد دہری شہریت رکھنے والے اعلیٰ سرکاری افسران کو مہنگائی کی کوئی پرواہ نہیں کیوں کہ ان کے مفادات کہیں اور وابستہ ہیں۔ سیاستدان اور سرکاری حکام کرپشن مافیا کا حصہ بن گئے ہیں۔ رشوت سرکاری اداروں کا ”قومی کھیل“ بن چکی ہے۔ وقت نے ثابت کیا ہے کہ ہر چمکتی چیز سونا نہیں ہوتی۔ تحریک انصاف نے عوام کو مایوس کیا۔ تبدیلی کے نعرے، ایک کروڑ سرکاری نوکریاں اور نئے پاکستان و خوشحالی کے خواب دکھا کر عوام سے سب کچھ چھین لیا۔ تمام اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے پر سیاستدانوں، سرکاری اداروں اور افسران کا سوتے رہنا ملی بھگت ہے۔ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے ساتھ جڑے ہوئے تمام معاملات کی روک تھام میں حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے آج اقتدار میں ہیں مگر عوام بے سکون اور پریشان ہیں۔ عوام اپنے بچوں کی کفالت کریں، انہیں تعلیم دلائیں یا ان کے مستقبل کے بارے میں سوچیں؟ تبدیلی سرکار نے عوام کو مہنگائی کے ہاتھوں ایسے نچوڑ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانے کے بھی قابل نہیں رہے۔ پٹرولیم مصنوعات پر ناجائز منافع خوری، بجلی، گیس کے بلوں میں موجود ٹیکس اور اشیاء ضروریہ کو ہر قسم کے ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تو عام آدمی کو تھوڑا بہت ریلیف مل سکتا ہے۔ سردار ذوالفقار نے کہا کہ سبسڈی کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جانا چاہیئے۔ سبسڈی کہاں جارہی ہے، عوام کو مل بھی رہی ہے یا نہیں؟ واضح ہوجائے گا۔ عام آدمی مہنگائی تلے پستا جارہا ہے اور حکومتی معاشی ٹیم اور حکومت صرف صبر کی تلقین کئے جارہی ہے۔ کیا پی ٹی آئی کی حکومت پوری قوم کو بھکاری بنانا چاہتی ہے؟ حکومتی اقدامات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ آنے والے وقتوں میں کھانا چھیننے کے واقعات بھی رونما ہوں گے۔ کرپشن کے اربوں روپے واپس مل گئے ہیں کیا ان پیسوں پر قوم کا کوئی حق نہیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

وفاقی اردو یونیورسٹی میں مبینہ لاقانونیت کے خلاف اساتذہ کا کراچی پریس کلب پر احتجاج، آصف زرداری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) وفاقی اردو یونیورسٹی کے عبدالحق کیمپس کی انجمن اساتذہ کے زیر …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے