کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال 2020 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا پہلا مرحلہ مکمل، کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال 2020 کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا، کاغذات نامزدگی جمع کروانے میں ارکان کراچی پریس کلب نے بھرپور شرکت کی، امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے 14 دسمبر سہہ پہر 4 تا شام 7 بجے تک کا وقت دیا گیا تھا۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی حسن امام صدیقی سمیت دیگر نے امیدواروں سے کاغذات وصول کیے، امیدواروں نے کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں صدر، نائب صدر، خزانچی، سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری اور گورننگ باڈی کی 7 نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، صدارت سمیت تمام عہدوں کے لیے مجموعی طور 229 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، صدر کے لئے 33، نائب صدر کے لئے 18، خزانچی کی نشست کے لئے 15، سیکرٹری کی نشست پر 24، جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر 25، جبکہ گورننگ باڈی کی 7 نشستوں پر 114 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، چیئرمین الیکشن کمیٹی حسن امام صدیقی کے مطابق 14 دسمبر کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے، جانچ پڑتال کا عمل 16 دسمبر، اسکروٹنی 17 دسمبر، فہرست آویزاں کرنے کا عمل 19 دسمبر، اعتراضات جمع کرانے کی تاریخ 21 دسمبر، حتمی فہرست 23 دسمبر، کاغذات کی واپسی 24 دسمبر، الیکشن میں حصہ لینے والے ممبران کی حتمی فہرست 24 دسمبر جبکہ پولنگ 28 دسمبر کو صبح نو بجے شروع ہوگی اور بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی، کراچی پریس کلب کے انتخابات برائے سال 2020 کے سلسلے میں گزشتہ روز کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے حوالے سے پریس کلب میں دوپہر سے رات گئے تک اراکین کی گہما گہمی رہی اور پریس کلب کے ارکان سالانہ الیکشن اور حالات حاضرہ پر آپس میں گفت و شنید کرتے رہے، اس موقع پر سینئر صحافیوں اور اراکین پریس کلب کی کثیر تعداد موجود تھی۔
![]()