ہزارہ (رپورٹ: عتیق سلیمانی) کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے اعلان کیا ہے کہ غریب اور نادار لوگوں کو کھانا کھلانے کے لیے آئندہ پیر 16 دسمبر سے ایبٹ آباد میں تین مقامات پر عوامی دسترخوان شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہزارہ کے تمام دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ بھی اپنے اپنے ضلع میں اسی طرح کے عوامی دسترخوان جلد قائم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ کمشنر ہزارہ نے ایبٹ آباد کے تینوں عوامی دستر خوانوں کے لیے اپنی ذاتی جیب سے پچاس پچاس ہزار روپے نقد ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دسترخوان تاجروں، رفاعی تنظیموں، سرکاری اداروں اور مخیر حضرات کے تعاون سے قائم کیے جائیں گے اس لیے مخیر حضرات اس نیک کام میں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ یہ اعلان انہوں نے جمعہ کے روز کمشنر ہاؤس میں عوامی دسترخوان کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنروں، محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسروں، جنرل (ر) ایاز سلیم رانا، آل ٹریڈر فیڈریشن اور رفاعی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران عوامی دسترخوانوں کے انتظامات اور ان کے مقامات کے تعین سے متعلق تجاویز پر تفصیلی غور کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ایبٹ آباد میں جنرل بس سٹینڈ، سبزی منڈی شہر اور منڈیاں کے مقامات پر محکمہ سوشل ویلفیئر کی زیر نگرانی عوامی دسترخوان قائم کیے جائیں گے جس کے لیے بعض رفاعی تنظیمیں، تاجر اور مخیر حضرات مالی تعاون کریں گے۔ یہ دسترخوان دن بارہ بجے سے سہ پہر چار بجے تک ضرورت مند افراد کو کھانا فراہم کریں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر جنرل بس سٹینڈ کا دسترخوان سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے شیلٹر ہوم میں قائم کیا جائے گا جس کے لیے معروف تاجر سلطان احمد نواز خان مالی تعاون کریں گے جبکہ شہر کی سبزی منڈی کا دسترخوان آل ٹریڈر فیڈریشن اور منڈیاں کا عوامی دسترخوان یقین فاؤنڈیشن کے تعاون سے چلایا جائے گا۔ کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام نے عوامی دستر خوانوں کو احسن طریقہ سے جاری رکھنے کے لیے ضلعی مصالحتی کمیٹی کے چیئرمین جنرل (ر) ایاز سلیم رانا کی سربراہی میں ایک نگران کمیٹی بھی تشکیل دی جو عوامی دستر خوانوں کے انتظامات اور سہولیات کو یقینی بنائے گی۔ اس موقع پر سلطان احمد نواز خان نے بھی دسترخوان کے لیے 50 ہزار روپے اور جنرل (ر) ایاز سلیم رانا نے 10 ہزار روپے عطیہ دیا۔ کمشنر ہزارہ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کے وہ عوامی دسترخوانوں کے لئے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں اور باقی اضلاع میں بھی دستر خوانوں کے جلد اجراء کے انتظامات کیے جائیں۔
![]()