ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) تحصیلداروں اور پٹواریوں کی من مانیاں ختم، تمام پٹواریوں کے پرائیویٹ کلرک، منشی رکھنے پر پابندی عائد، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں بورڈ آف ریونیو اینڈ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کو ایک مراسلے کے ذریعے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے اور اس سلسلے میں حکام بالا کی ہدایت پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے بورڈ آف ریونیو نے اپنے مراسلے میں ایک ہی پوسٹ پر دو سال سے تعینات ملازمین کو تبدیل کرنے، تحصیل داروں اور نائب تحصیل داروں کو ڈویژن کے اندر کسی دوسری جگہ تبدیل و تعینات کرنے، پٹواریوں کو شہری علاقوں سے دور دراز دیہی علاقوں اور تمام رجسٹریشن کلرکوں کو موجودہ جگہوں سے دوسری جگہوں میں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے، اسی طرح پٹواریوں کو تحصیل یا اسی ضلع یا موجودہ حلقے سے دور ضلع میں تبدیل کرنے کی تاکید کے ساتھ شہری علاقوں میں ایسے سٹاف کو تعینات کرنے کے لئے کہا ہے۔ جس نے پچھلے 3 سالوں سے شہری علاقوں میں خدمات سرانجام نہیں دیں مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کی فہرست مرتب کی جائیں تاکہ انہیں کوئی اہم ذمہ داری نہ سونپی جائے علاوہ ازیں کرپشن کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت تمام تر انتقالات کو مجلس عام میں تصدیق کرنے کے عمل پر سختی سے عملدرآمد کیا جا ئے۔ نیز جائیداد کی منتقلی کی صورت میں پٹواری یا رجسٹری محرر شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے حکم نامہ کے ساتھ فریقین کے فون نمبر اور نام لکھیں جس کی مزید تصدیق تحصیلدار اور ڈپٹی کمشنر کرے گا۔ پٹواریوں کے صوابدیدی اختیارات کو ٹیکس ریٹس پٹواری آفس میں نوٹس بورڈ پر لگانے کے ذریعہ کم کیا جائے جبکہ عوامی آگاہی کیلئے ٹیکس ریٹ کو تحصیلدار، سب رجسٹرار اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مال کے دفتر میں لگایا جائے، کرپشن سے نمٹنے کیلئے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ریونیو فیلڈ سٹاف کے کام کی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے حکومت نے صوبے میں تمام پٹواریوں کے پرائیویٹ کلرک، منشی رکھنے پر پابندی عائد کی ہے اور خلاف ورزی کرنے کی صورت میں متعلقہ پٹواری کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی مجاز حکام نے ضلع میں تعینات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں شکایات سیل قائم کرنیکی ہدایت کر رکھی ہے صوبائی سطح پر بورڈ آف ریونیو کے دفتر میں شکایات سیل قائم کیا گیا ہے جس کی ذمہ داری عوام کو محکمہ مال سے متعلق تمام شکایات کا ازالہ کرنا ہے۔
![]()