کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے کراچی میں میگا پراجیکٹس کی تکمیل کو شہریوں کے لیے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں سندھ حکومت عوام کے خدمت کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔ ہفتہ کو جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ شہید ملت روڈ پر انڈر پاسز سندھ حکومت کا شہریوں کیلئے تحفہ ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے گزشتہ مالی سال بہت سے میگا پروجیکٹس شروع کیے اور چند سال میں میگا پروجیکٹس کی فہرست مکمل کرلی۔ طارق روڈ انڈر پاس 589.9 ملین روپے کا پراجیکٹ ہے ، رانا لیاقت علی فلائی اوور 668.2 ملین سے 7 ماہ میں مکمل ہوئی جبکہ ٹیپوسلطان روڈ کی تعمیر نو 308.6 ملین سے 5 ماہ میں کی گئی اور سب میرین چورنگی انڈر پاس 460 ملین سے مکمل ہوا۔ نوید بھٹی نے کہا کہ ان پروجیکٹس کی تکمیل سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کی حقیقی ترقی چاہتی ہے اور اس کی خدمت صرف بیانات تک محدود نہیں ہے بلکہ اس نے عملی طور پر کام کرکے دکھا یا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کو کامیاب پروجیکٹس کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہی ہے اور صوبہ سندھ پورے ملک کے لیے ماڈل صوبہ بن کر سامنے آئے گا۔
![]()