تازہ ترین
Home / اہم خبریں / اقرا یونیورسٹی کا 18ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد، 840 طلبہ کو اسناد تفویض، 9 طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی کارگردگی پر طلائی تمغوں سے نوازا گیا

اقرا یونیورسٹی کا 18ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد، 840 طلبہ کو اسناد تفویض، 9 طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی کارگردگی پر طلائی تمغوں سے نوازا گیا

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ تعلیم سے ہی معاشرے میں غربت اور ناانصافی کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ نچلے طبقوں کو تعلیم یافتہ کرکے ہی ایک مثبت معاشی تبدیلی کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔ آج آپ ان بچوں کو بھی یاد رکھیں جو گلیوں میں موجود تعلیم اور بنیادی سہولیات زندگی سے محروم ہیں۔ آپ صرف ایک بچے کی تعلیم اور نگہداشت کی ذمہ داری اٹھالیں، یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اصل کامیابی گر کر سمبھلنا اور اپنے مقصد کو حاصل کرنا ہوتی ہے، ناکامیوں میں بھی بہت سبق ہوتے ہیں۔ آج کا دن یہ پیغام دے رہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے نوجوانوں کو علم کی دولت سے آراستہ کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اعلیٰ تعلیمی شعبے میں نجی سیکٹر کا کردار کلیدی ہے۔ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ اقرا یونیورسٹی نے اس سال بین الاقوامی جامعات کی عالمی رینکنگ میں جگہ بنائی ہے جس پر ان کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی اور اساتذہ بھرپور داد و تحسین کے مستحق ہیں، اقرا یونیورسٹی گزشتہ کئی سالوں سے ملک کی سرفہرست نجی جامعہ بن کر ابھری ہے جہاں طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اقرا یونیورسٹی کے 18 ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چانسلر ارم لاکھانی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، اساتذہ، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی، انھوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو آپ سے بے حد امیدیں وابستہ ہیں، مجھے امید ہے کہ آپ ان پر پورا اترتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ آپ کا اصل امتحان آج سے شروع ہوتا ہے جہاں آپ اپنی عملی زندگی میں داخل ہو رہے ہیں۔ آپ کے والدین اور ملک کو آپ سے بے حد امیدیں وابستہ ہیں۔ امید ہے کہ آپ اپنے ملک اور والدین کا نام روشن کرینگے، وائس چانسلر و صدر اقرا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اقرا یونیورسٹی نے گزشتہ کئی سالوں سے ملکی جامعات میں سرفہرست مقام برقرار رکھا ہے اور اس سال بین الاقوامی جامعات کی عالمی رینکنگ کیو ایس میں بھی جگہ بنا کر اپنی عالمی حیثیت منوالی ہے، اقرا یونیورسٹی کی جانب سے رواں سال میڈیکل فیکلٹی کا قیام عمل میں آیا ہے جس کے تحت فارمیسی پروگرام شروع کیا جاچکا ہے۔ اقرا یونیورسٹی کا میڈیکل کالج اور 350 بیڈز پر مشتمل ہسپتال بھی قائم ہونے جارہا ہے جس کیلئے 75 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 50 ایکڑ پر محیط جامعہ کا ایک کیمپس ملیر میں بھی قائم کیا جارہا ہے جو جدید اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے آراستہ ہوگا، اقرا یونیورسٹی کی گورننگ کونسل نے انٹرپرینیورشپ کلچر کے فروغ کیلئے جامعہ کے طلبہ کیلئے اپنے بزنس اور اسٹارٹ اپز کے قیام کیلئے 5 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ اقرا یونیورسٹی پاکستان کی پہلی جامعہ ہے جس نے پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ پروگرام شروع کیا ہے جس میں دنیا بھر کے اساتذہ اور ریسرچرز شرکت کرینگے، اقرا یونیورسٹی میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 13 بین الاقوامی اسکالرز بھی مستقل فیکلٹی ممبران کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ وہ لائق طلبہ جو اعلیٰ کارگردگی رکھتے ہیں مگر مالی طور پر کمزور ہیں ان کیلئے وظائف اور قرض حسنہ کی مد میں 10 کروڑ روپے دئیے جاچکے ہیں۔ اس موقع پر جامعہ کے 840 طلبہ کو بزنس ایڈمنسٹریشن، کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، میڈیا سائنسز، فیشن ڈیزائن اور ایجوکیشن میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی اسناد تفویض کی گئیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

Sindh Olympic Association⁠ Holds Grand Ceremony in Honour of Ms. Sana Ali

Karachi, (Zeeshan Hussain/Sports Reporter Sindh Olympic Association organized a prestigious and colorful ceremony at thعSindh …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے